حوثیوں کی جانب سعودی دارالحکومت ریاض پر داغے گئے بیلسٹک میزائلز کو سعودی اتحادی فوج نے تباہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
سعودی اتحاد کے مطابق ریاض کی جانب داغے گئے 3 میزائل تباہ کر دیے گئے جبکہ جازان کی طرف آنے والے 2 میزائل بھی فضا میں مار گرائے گئے۔
گزشتہ روز سعودی اتحاد نے یمن کی بندرگاہ حدیدہ اور دارالحکومت صنعا میں حوثیوں کی میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کو نشانہ بنایا تھا۔
سعودی اتحاد کے مطابق حدیدہ بندرگاہ پر کارروائی میں حوثیوں کی اسلحہ اسمگلنگ اور بیلسٹک میزائلوں کی منتقلی کے لیے استعمال ہونے والی صلاحیتوں کو تباہ کیا گیا۔
اتحاد نے صنعا میں میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کو نشانہ بنانے کی کارروائی کی بھی تصدیق کی ہے جبکہ بتایا ہے کہ صعدہ اور تعز میں کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب حوثیوں نے سعودی بحیرۂ احمر کی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے اور سعودی فضائی حدود میں کارروائیوں کی دھمکی دی ہے جبکہ شقیق کے بجلی گھر اور جازان کی بندرگاہ پر حملوں کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو ریاض میں سعودی خود مختار دولت فنڈ کے ہیڈکوارٹر اور شہر کی بلند ترین عمارت پبلک انویسٹمنٹ فنڈ ٹاور کو حوثی حملے میں نقصان پہنچا تھا۔