• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس، ایرانی جوہری معاملے پر امریکہ سے تعاون کیلئے تیار

پیرس (این این آئی )فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے باور کرایا ہے کہ ان کا ملک ایرانی جوہری معاملے اور لبنان کی صورت حال کے حوالے سے امریکا کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدر کا یہ موقف اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن کے ساتھ اتوار کی شام ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران سامنے آیا۔وائٹ ہائوس کے مطابق امریکی صدر نے ماکروں کے ساتھ بات چیت میں نیٹو اتحاد اور یورپی یونین کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر روشنی ڈالی۔ بائیڈن کے مطابق ان کی انتظامیہ فرانس کے ساتھ تعلق مضبوط بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔اس سے قبل پیرس میں الیزے پیلس کے ذرائع نے بتایا کہ آنے والے مہینوں کے دوران ماحولیات، دنیا بھر میں کرونا ویکسین کی تقسیم اور عالمی تجارت کے حوالے سے بات چیت مرکزی اہمیت کی حامل رہے گی۔واضح رہے کہ واشنگٹن ایک بار پھر ماحولیات سے متعلق پیرس سمجھوتے اور عالمی ادارہ صحت میں شامل ہو گیا ہے۔اس سے قبل چار برس تک ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے سمجھوتے کا بائیکاٹ کر رکھا تھا۔یاد رہے کہ میکرون اور بائیڈن نے گذشتہ برس امریکی انتخابات کے چند روز بعد دس نومبر کو ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی۔الیزے پیلس کے مطابق ماکروں یورپی یونین میں شامل پہلے صدر ہیں جن سے جو بائیڈن نے کرسی صدارت سنبھالنے کے بعد ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ یہ چیز دونوں صدور کے درمیان قریبی تعاون کی خواہش کو ظاہر کر رہی ہے۔فرانسیسی ایوان صدارت کا کہنا تھا کہ میکرون یورپی یونین اور امریکا کے درمیان تجدیدی مکالمہ قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔
تازہ ترین