لاہور( نمائندہ جنگ)ڈی سی لاہوررنگ برنگا لباس پہن کر سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے جس پر عدالت برہم،چیف سیکریٹری کی طلبی، ڈپٹی کمشنر نے بھی مانگ لی،آئندہ احتیاط کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی،سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو پیٹرول کی عدم فراہمی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی،ڈپٹی کمشنر لاہورمدثر ریاض ملک نیلے شلوار قمیض،میرون کوٹ اور پشاوری چپل پہن کر پیش ہوئے،جسٹس منظور احمد ملک نامناسب لباس پر برہم ہوگئے اورمکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نامناسب لباس میں عدالت آگئے ہیں آپ کو معلوم نہیں کہاں کھڑے ہیں۔صبح اٹھے اور اسی لباس میں سپریم کورٹ پیش ہوگئے، کل کو کوئی بنیان پہن کرعدالت آجائے گا؟ڈی سی نے جواب دیا میرے پاس یہی سوٹ ہے، عدالت نے ڈی سی کے جواب پرسخت ناراضگی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ میں کامن سینس نہیں کہ کس طرح عدالت میں پیش ہوتے ہیں، آپ جیسے آفیسر کو تو اس عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہونا چاہیے،عدالت نے چیف سیکرٹری کو طلب کرتے ہوئے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی۔