• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگنا رناوت لال قلعہ پر کسانوں کا پرچم لہرانے والوں پر سیخ پا

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک )بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کسانوں کی جانب سے دلی کے لال قلعہ پرکسانوں کے پرچم لہرانے پر سیخ پا ہوگئیں اور احتجاجی کسانوں کو دہشت گرد قرار دے دیا۔ اداکارہ کنگنا رناوت نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور کسانوں کے خلاف طاقت کے استعمال کی حمایت کی ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے یوم جمہوریہ کے دن دلی کے لال قلعہ پر حملہ کرکے خالصتان کا پرچم لہرایا گیا ہے، ان تصاویر نے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے کسانوں کو دہشت گرد مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ جو خود کو کسان کہتے ہیں، یہ دہشت گرد ہیں، کچھ لوگ ان کی حمایت کھلے عام کررہے ہیں۔ انہوں نے شدید غصے میں مطالبہ کیا کہ نام نہاد کسانوں اور ان کے حمایتیوں کو جیل میں ڈال دیا جائے۔قبل ازیں کرناٹک کے ضلع ٹوماکورو کی ایک عدالت نے پولیس کو ہدایت دی تھی کہ وہ اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف ٹویٹ میں احتجاج کرنے والے کسانوں کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کے لئے ایف آئی آر درج کریں۔ اداکارہ کے خلاف یہ مقدمہ ایک وکیل ایل رمیش نائک کی ایک شکایت کی بنیاد پر ، جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس (جے ایم ایف سی) عدالت نے کیاتھا –۔کرناٹک عدالت کی ہدایت کے بعد پولیس نے بولڈ اداکارہ کے خلاف ایف آئی آر درج کی جبکہ اس میں ان کے خلاف دو گروہوں کے درمیان لڑائی کروانے کی کوشش کرنے، جان بوجھ کر ایک گروپ کی توہین کرنے، شدید اشتعال انگیزی پھیلانے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

تازہ ترین