اسلام آباد(ایجنسیاں، جنگ نیوز ) ڈینئل پرل قتل کیس میں ملزمان کی بریت کے حکم کیخلاف وفاق اور سندھ حکومت نے نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اٹارنی جنرل پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈینئل پرل قتل کیس کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وفاقی حکومت معاملے پر سندھ حکومت سے رابطے میں ہے۔
اعلامیے کے مطابق سندھ اور وفاقی حکومت کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ ملزمان کی رہائی کے فیصلے کے خلاف جلد از جلد نظرثانی اپیل دائر کی جائیگی، وفاقی حکومت اس معاملے میں سندھ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریگی۔
وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے عمر شیخ کی رہائی سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت احمد عمر شیخ کی رہائی کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کریگی۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات پر نظر ثانی میں جانے کا فیصلہ کیا ہے، عمر شیخ نے ڈینئل پرل قتل کیس میں اپنے ملوث ہونے کا اعتراف کررکھا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز احمد عمر شیخ سمیت دیگر ملزمان کی رہائی کا حکم دیا۔