• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈپریشن سے جنگ نہیں لڑ سکتی،جے شری رامایا کا خودکشی سے قبل لائیو سیشن

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والی بھارتی اداکارہ جے شری رامایا کی موت سے متعلق یہ انکشاف ہوا ہے کہ وہ گزشتہ 6 ماہ سے ڈپریشن سے نبرد آزما تھیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے 25 جولائی 2020 کو فیس بک پر ایک لائیو سیشن کے دوران کہا تھا کہ وہ ڈپریشن کا شکار ہیں اور مرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ کسی معاشی مسائل سے دوچار نہیں، نا ہی انہیں کسی سے مالی معاونت درکار ہے۔‘ انہوں نے کہا تھا کہ وہ بس اپنی زندگی کا خاتمہ چاہتی ہیں کیونکہ وہ اس ڈپریشن سے جنگ جیتنے میں مسلسل ناکام ہیں۔‘ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس وقت اپنی زندگی میں بہت سے مسائل کا سامنا ہے، مجھے بچپن میں ہی دھوکہ دیا گیا ہے جس سے میں اب تک نمٹنے کی کوشش کررہی ہوں۔‘اس دوران انہوں نے یہ تک کہہ دیا تھا کہ وہ ڈپریشن سے جنگ نہیں لڑ سکتیں اور اسی وجہ سے انہیں مرنے کی خواہش ہے۔ اس کے بر عکس بتایا جا رہا ہے کہ کافی عرصے سے کام نہیں ملنے کی وجہ سے جے شری رمیا کافی پریشان تھیں جس کا ذکر انہوں نے اپنے دوستوں سے بھی کیا تھا، وہ بگ باس سیزن 3 کا حصہ تھیں۔ خیال رہے کہ لائیو سیشن سے قبل یعنی 22 جولائی کو اداکارہ نے ایک فیس بک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ’میں ہار گئی، میں اس گھناؤنی دنیا اور ڈپریشن کو خیرباد کہتی ہوں۔‘ تاہم انہوں اس پوسٹ کو فوراً ڈیلیٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں بالکل ٹھیک اور محفوظ ہوں۔‘ بعد ازاں لائیو سیشن میں اداکارہ نے اپنے چاہنے والوں سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کے بارے میں بات کرنا بند کردیں۔اداکارہ نے لائیو سیشن کو یہ کہتے ہوئے ختم کر دیا تھا کہ میں ایک ہاری ہوئی لڑکی ہوں جسے موت کی ضرورت ہے۔ خیال رہے کہ 25 جنوری کو جنوبی بھارت کی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والی فلموں کی اداکارہ جے شری رامایا نے خودکشی کرلی تھی۔

تازہ ترین