لندن (جنگ نیوز ) دسویں فیض امن میلے کے انعقاد کا اعلان کر دیا گیا یہ میلہ آن لائن ہوگا اور پانچ روز جاری رہے گا اس بات کا اعلان فیض کلچرل فاؤنڈیشن یو کے کے صدر ڈاکٹر عمر دراز خان،جنرل سیکریٹری علی خاقان مرزا نے زوم کے ذریعے ایک پریس کانفرنس میں کیا اس موقع پر انفارمیشن سیکریٹری یوسف ابراہیم اور تنظیم کے دیگر ارکین بھی موجود تھے۔ عمر دراز خان نے فیض میلے کی دیگر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے پروگرام نو فروری سے شروع ہو کر تیرہ فروری تک جاری ر ہیں گے میلے کے اختتامی روز منعقدہ اجلاسوں سے نامور اسکالر ڈاکٹر مہدی حسن، فیض صاحب کی اسیری کے آخری ساتھی ظفر ا للہ پوشنی ، صاحبزادی سیلیمہ ہاشمی،اور ٹی وی اور اسٹیج کی معروف اداکارہ کلچرل ایکٹیوسٹ ثانیہ سعید خطاب کریں گی ناہید صدیقی کلام فیض کو رقص میں پیش کر یں گی جبکہ نوجوان سنگر عمیر اکبر علی اپنی آواز کا جادو جگائیں گے اس موقع پر ترقی پسندوں کے ہردلعزیز لال بینڈ اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کریں گے اس دن کے میزبان عاصم علی شاہ ہوں گے علی خاقان مرزا نے پانچ روزہ میلے کی مزید تفصیلات بتاتے ہوے کہا کہ9فروری افتتاحی دن ہوگا اس دن فیض کلچرل فاؤنڈشن کی دس سالہ تاریخ سے متعلق ایک ڈاکومینٹری پیش کی جائے گی جسے اکرم قائم خانی نے اسد ضیا اور یوسف ابراہیم کی مدد سے تیار کیا ہے۔ افتتاحی دن جسے “ہم پرورش لوح وقلم کرتے ر ہیں گے” کا عنوان دیا گیا ہے نو سالہ میلوں میں کی جانے والی تاریخی تقاریر د کھا ئی جائیں گی ان میں آ ئی اے رحمان،طارق علی، عاصمہ جہانگیر، حاصل بزنجو، ضیا محی الدین اور افتخار عارف خطابات شامل ہوں گے۔ اس دن کے میزبان یوسف ابراہیم ہونگے میلے کے دوسرے روز جسے”امید سحر کی بات سنو” کا عنوان دیا گیا ہے عالمی مشاعرہ ہو گا اس مشاعرے کو پوری دنیا کی مقبول انقلابی شاعرہ فہمیدہ ریاض سے منسوب کیا گیا ہے مشاعرے کی صدارت افتخار عارف کریں گے جبکہ اس میں امریکہ ،کینیڈا،انڈیا ،پاکستان اور برطانیہ کے نامور شعرہ اپنا کلام پیش کریں گے۔ اس دن کی میزبان طلعت گل ہوں گی میلے کے تیسرے روز کو “ساقیا رقصں کوئی رقصں صبا کی صورت”کا عنوان دیا گیا ہے۔ اس دن رقص و موسیقی پر مبنی رنگارنگ پروگرام پیش کیا جائے گا جس میں شیما کرمانی،ترمیحنا مٹھہ،شہوانی سیھٹہ،صبری مشرا ,پرنیا پرائس اور زینب ڈار رقص پیش کریں گے جبکہ جواد احمد ،اریب اظہر،جازم شرما،شکیل اعوان ،تانیا ویلز اور نرمیلا مغانی اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ اس دن کے میزبان یوسف ابراہیم ہوں گے۔میلے کے چوتھے روز کو “جاگو ہوا سویرہ” کا نام دیا گیا ہے اس دن فیض صاحب کی تحریر کردہ فلم جاگو ہوا سویرہ پہلی بار فیض میلے میں د کھائی جائے گی اس دن کی میزبان عروج آصف ہوںگی یہ میلہ اپنی نوعیت کا منفرد میلہ ہوگا کیونکہ شائقین اسے آن لائن دیکھیں گے۔ ٹکٹ اور دیگر تیکنکی معلومات بتاتے ہوے انفارمیشن سیکریٹری یوسف ابرہیم نے کہا کہ پورے پانچ روز آن لائن پروگرام کا ٹکٹ پانچ پونڈ ہوگا، انھوں مزید کہا کہ جو لوگ ٹکٹ خریدیں گے انھیں ان کےای میل پر ہر دن کا ایک الگ مخصوص لنک بھیجا جائے گا جس کے ذریعے وہ پروگرام دیکھ سکیں گے ایسا پہلی بار ہو گا کہ فیض میلے کو پوری دنیا میں براہ راست دیکھا جائے گا ۔