• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاتالونیا کے صوبائی الیکشن، کوئی جماعت واضح اکثریت نہ لے سکی

اسپین کے صوبہ کاتالونیا پارلیمنٹ کے الیکشن اختتام پذیر ہو گئے، صوبائی پارلیمنٹ کی135 نشستوں کےلیے ہونے والے انتخابات میں کوئی جماعت ”کلین سویپ“ یا واضح برتری حاصل نہ کر سکی جس کی وجہ سے اس بار بھی کچھ سیاسی جماعتیں مل کر ہی صوبائی حکومت بنائیں گی۔

حالیہ الیکشن 2021 میں ووٹ کاسٹ کرنے کی شرح پچاس فیصد سے بھی کم رہی جس کی وجہ کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر تھیں، سوشل فاصلوں نے ووٹر کو بیلٹ باکس کے قریب آنے سے باز رکھا جس کی وجہ سے بہت سی سیاسی جماعتوں کو اپنی اکثریت سے ہاتھ دھونا پڑا اور اس کم ٹرن آؤٹ کا فائدہ کاتالونیا کی اُن جماعتوں کو ہوا جو علیحدگی پسند ہیں۔

اس حوالے سے سوشلسٹ پارٹی 33، اسکیرا ریبلکانا 33، جونس 32، ووکس(vox) ایک ایسی جماعت جس نے پہلی بار الیکشن میں حصہ لیا اور 11 سیٹیں حاصل کر لیں، کُپ (CUP) کاتالونیا کی آزادی پسند جماعت نے9 سیٹیں لیں، پوئدیموس نے 8 نشستیں حاصل کیں۔

سیاسی جماعت سیوتادانس جو گزشتہ صوبائی انتخابات میں سر فہرست جماعت تھی اور اس کے پاس 36 سیٹیں تھیں سب سے زیادہ نقصان میں رہنے والی یہی جماعت قرار پائی اور وہ اپنی 30سیٹیں گنوا کر صرف 6 سیٹیں حاصل کر سکی۔

سیوتادانس(ciuatadans) وہ واحد جماعت ہے جس نے پاکستانی نژاد علی رشید بٹ کو اپنا اُمیدوار نامزد کیا تھا۔ اسی طرح اسپین کی سابق حکومتی جماعت پارٹی پاپولر صوبائی الیکشن میں صرف 3 سیٹیں حاصل کر سکی۔ کاتالونیا کی صوبائی حکومت بنانے کے لیے کل 68 سیٹوں کی ضرورت ہے جو کسی بھی ایک جماعت کے پاس نہیں ہیں لہذا مختلف ہم خیال جماعتوں کا الحاق ہی نئی صوبائی حکومت کو جنم دے گا۔

ہمارے اندازے کے مطابق سوشلسٹ پارٹی 33، اسکیرا ریپبلکانا 33 نشستیں اور پوئدیموس 8 سیٹوں کے سا تھ مل کر حکومت بنا سکتی ہیں اگر ان سیاسی جماعتوں کا الحاق ممکن نہ ہو سکا تو دوسری طرف اسکیرا ریپبلکانا 33، کُپ9 اور جونس 32 سیٹوں کے ساتھ الحاق کرکے حکومت قائم کر سکتی ہیں۔

یہاں یہ بتانا بہت ضروری ہے کہ اسکیرا ریپبلکانا (ERC) جماعت تارکین وطن کے حقوق پر کام کرنے کے حوالے سے سر فہرست ہے جبکہ کُپ(CUP) اور جونس(Junts) علیحدگی پسند جماعتیں ہیں جبکہ ووکسVOX 11 سیٹیں جیت چکی ہے اور اس جماعت کو غیر ملکیوں کے حقوق کے حوالے سے سخت سوچ کا مالک تصور کیا جاتا ہے کیونکہ یہ لوگ غیر ملکیوں کو معیشت پر بوجھ سمجھتے ہیں۔

اسکیرا ریپبلکانا جماعت علیحدگی پسند ضرور ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ غیر ملکیوں کے لیے نرم گوشہ رکھنے والی جماعت بھی ہے، سوشلسٹ پارٹی کاتالونیا کو اسپین سے علیحدہ کرنے کے سخت خلاف ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ علیحدگی پسند جماعتیں مل کر حکومت بناتی ہیں یا سوشلسٹ پارٹی دوسری دو جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائے گی۔

تارکین وطن سوشلسٹ پارٹی کو حکومت بناتے دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ سوشلسٹ پارٹی کی وفاق میں بھی اس وقت حکومت ہے اب اگرسوشلسٹ والے صوبہ کاتالونیا میں بھی حکومت بنا لیں تو ترقیاتی کاموں کے بڑھاوے کے ساتھ ساتھ تارکین وطن کے حقوق کی آواز مزید بلند اور مضبوط ہو سکتی ہے۔

لیکن اگر صوبہ کاتالونیا کو اسپین سے علیحدہ دیکھنے والی اور تارکیں وطن کے بارے میں نرم گوشہ نہ رکھنے والی جماعتیں مل کر حکومت بناتی ہیں تو وہ موجودہ صورت حال میں تارکین وطن اور ہسپانوی باشندوں میں تشویش کی لہر دوڑنا ایک فطری عمل ہوگا جس کے لیے کوئی بھی تیار نہیں ہے، کیونکہ تارکین وطن اور ہسپانوی افراد نئی جماعت ووکس کو 11سیٹیں جیتنے پر بھی کچھ پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔

تازہ ترین