اسلام آباد( جنگ رپورٹر) چیف جسٹس گلزار احمد نے سوموار 22 فروری سے شروع ہونیوالے 5روزہ عدالتی ہفتے کے لیے6 بینچ تشکیل دے دیئے ہیں ،جن میں سے ایک بنچ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بھی شامل ہونگے، سپریم کورٹ کی جانب سے سوموار 22 فروری سے لیکر 26فروری تک کے بنچوں کی تشکیل کے حوالے سے جاری کئے گئے کورٹ روسٹر کے مطابق بنچ اول چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی ، بنچ دوئم جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس سید منصور علی شاہ، بنچ سوئم جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس منیب اختر ،بنچ چہارم جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس یحیٰ آفرید ی جبکہ بنچ پنجم جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں جسٹس قاضی محمد امین احمد جبکہ بنچ ششم جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان پر مشتمل ہوگا ،یاد رہے کہ رواں عدالتی ہفتے کے روسٹر کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کسی بینچ کا حصہ نہیں ہیں اور وہ صرف چیمبر ورک کرینگے۔