• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاشف گزشتہ شب گرفتار ہوا،رینجرز،2015میں گرفتار ہوا، متحدہ

افضل ندیم ڈوگر....پاکستان رینجرز کی کارروائی کے دوران عزیزآباد سے بھاری اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرانے والے ملزم کاشف ڈیوڈ کو اگست 2015ء میں انٹرپول نے دبئی سے گرفتار کرکے اسلام آباد منتقل کیا تھا تاہم رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسی اطلاعات غلط ہیں اور اس ملزم کو 25 اور 26 اپریل کی درمیانی رات کراچی کے ایک مقام سے گرفتارکیا گیا۔

ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے اورنگی ٹاؤن سیکٹر سے تعلق رکھنے والا 41 سالہ محمد کاشف عرف کاشف ڈیوڈ ولد عبدالمجید کراچی پولیس کو مبینہ طور پر پولیس افسران، ڈاکٹرز اور دیگر افراد کی ٹارگٹ کلنگ سمیت جرائم کی 50 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا۔

ذرائع کے مطابق سال 2013 میں جب کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا تو کاشف ڈیوڈ نے شناختی کارڈاور پاکستانی پاسپورٹ حاصل کیا اور اپنی پارٹی کے سرکردہ افراد کی مدد سے مئی 2014 میں دبئی میں ملازمت کرنے کا ورک پرمٹ حاصل کرلیا۔

مئی 2014 میں ہی وہ کراچی سے دبئی چلا گیا جس کے بعد کاشف ڈیوڈ پر دبئی میں بیٹھ کر ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے ایک خطرناک ملزم اجمل پہاڑی گروپ کے نیٹ ورک کو کنٹرول کرنے کے الزامات سامنے آئے۔ کاشف ڈیوڈ پر دبئی میں رہتے ہوئے کراچی سے بھتہ وصول کرانے کے الزامات بھی لگے۔

ذرائع کے مطابق مارچ 2015 کے بعد کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آپریشن میں مزید تیزی آئی تو پاکستانی اتھارٹیز کی نشاندہی پر 2015ء میں محمد کاشف عرف کاشف ڈیوڈ کو سیکورٹی حکام نے متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرلیا تھا۔

ذرائع کے مطابق قانونی کارروائی کے بعد اسے 6 اگست 2015 کو دبئی سے اسلام آباد ڈی پورٹ کردیا گیا جس کے بعد سے کاشف ڈیوڈ لیاری گینگ وار کے سربراہ عذیر جان بلوچ اور ایسے دیگر ملزمان کی طرح وہ لاپتہ تھا کہ گزشتہ رات پاکستان رینجرز نے اس کی گرفتاری ظاہر کی۔

اس سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما وسیم اختر نے نمائندہ جنگ کو بتایا کہ محمد کاشف کو دبئی سے حراست میں لیا گیا تھا اور پاکستان منتقل کئے جانے کے بعد لگ بھگ ساڑھے 8 ماہ سے وہ لاپتہ تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں کاشف کی اہلیہ راحیلہ نے 19 اپریل 2015 کو سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن بھی دائر کر دی تھی جو زیرسماعت ہے۔

رینجرز ترجمان کے مطابق ملزم کی گرفتاری دبئی سے نہیں بلکہ کراچی سے ہوئی اور کاشف ڈیوڈ کی نشاندہی پر ایم کیو ایم کے زیر اثر علاقے عزیزآباد میں پارٹی ہیڈ کوارٹر نائن زیرو کے قریب کے ایک مکان سے بھاری اسلحہ، دیگر سامان اور وردیاں برآمد ہوئیں۔
تازہ ترین