اسلام آباد (نمائندہ جنگ/نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیف جسٹس بلاک پر حملے کے مس کنڈکٹ پر 21وکلا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 فروری تک جواب طلب کر لیا جبکہ 32 وکلا کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹسز کا جواب داخل کرانے کی مہلت دیدی۔ دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ عدلیہ کے وقار کا معاملہ ہے ، وکلا کے خلاف ریفرنسز بار کونسل کو بھجوائیں گے ، کیس کی انوسٹی گیشن میں عدالت کوئی مداخلت نہیں کرے گی۔ جمعرات کو چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز پر مشتمل بنچ نے رجسٹرار ہائی کورٹ کی جانب سے عدالت پر حملے میں ملوث وکلا کے خلاف لیگل پریکٹیشنرز ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کی درخواست کی سماعت کی۔