• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرتشدد جرائم روکنے کیلئے لندن کے اسکولز میں پولیس آفیسر تعینات کئے جائیں گے، صادق خان

لندن (سعید نیازی) لندن کے میئر صادق خان نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد پُرتشدد جرائم کو بڑھنے سے روکنے کیلئے اسکولوں میں پولیس آفیسر تعینات کئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات میٹروپولیٹن پولیس کمشنر ڈیم کرسیڈا ڈک کے ہمراہ مشرقی لندن کے علاقے بیتھنل گرین کا دورہ کرتے ہوئے کیں، انہوں نے کہا کہ میٹ پولیس اسکولوں کیلئے سیفٹی آفیسر تعینات کرے گی اور تشدد کے خطرات والے علاقوں میں پولیسنگ بڑھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دنیا کے ان شہروں کا جائزہ لے رہے ہیں جہاں ہم سے پہلے لاک ڈائون اٹھا لیا گیا ہے، مثال کے طور پر شکاگو اور نیویارک میں لاک ڈائون کے دوران بھی پُرتشدد جرائم کی شرح بلند رہی جب کہ لندن میں پولیس اور دیگر اداروں کی سخت محنت کے سبب حالات قدرے بہتر رہے لیکن اب لاک ڈائون اٹھنے کے بعد تشدد کی لہر سے نمٹنا ہمارا ہدف ہے، اس لئے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ جب اسکول مکمل طور پر کھلیں تو وہاں اسکول سیفٹی آفیسر تعینات ہو اور پولیس ان علاقوں کو ہدف بنائے جہاں مسائل زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن کونسلز کے علاقوں میں جرائم زیادہ ہیں وہاں وائلنٹ کرائم ٹاسک فورس کے ساتھ وائلنس سیبریرشن یونٹ بھی کام کرے گا اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جرائم کی وجوہ اور جرائم سے سختی سے نمٹا جائے،انہوں نے پولیسنگ کیلئے اضافی 38 ملین پائونڈ کی گرانٹ کا اعلان بھی کیا جو کہ لندن کونسل کو ٹیکس ادا کرنے والوں سے وصول کئے جائیں گے۔ ان میں سے 30 ملین پائونڈ کی رقم سٹی ہال کی طرف سے پولیس آفیسرز کی فنڈنگ کیلئے خرچ ہوگی اور 8 ملین پائونڈ جرائم کے انسداد، پرتشدد جرائم میں ملوث افراد کی الیکٹرانک ٹیگنگ، یوتھ ورکرز ان اے اینڈ ای اور ٹراماسینٹرز پر خرچ ہو گی ، صادق خان نے کہا کہ لندن میں 2014ء سے پرتشدد جرائم بڑھے ہیں اور سیریس یوتھ وائلنس کا آغاز 2013ء سے ہی ہوگیا تھا۔ شہر میں تشدد پر قابو پانے کیلئے بہت محنت کی ہے لیکن میں اب بھی مطمئن نہیں اور اس سلسلے میں ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ کیلئے اگرتشدد کو ختم کرنا ہے تو اس کیلئے جرائم کی وجوہات کو بھی ختم کرنا ہوگا جس میں غربت، محرومی اور نوجوانوں کیلئے مناسب مواقع کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ہال کے ذریعے تشدد پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں لیکن ہمیں بڑے مالیاتی مسائل کا سامنا ہے کیونکہ حکومت نے لندن میں پبلک سروسز کیلئے کفایت شعاری کا نیا دور شروع کردیاہے۔ انہوں نے کہا کہ وزراء اس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور وبا کے سبب سٹی ہال نے جو رقم خرچ کی اور جو آمدنی متاثر ہوئی وہ تمام اسے واپس کردیں۔

تازہ ترین