• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 6: کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دفاعی چیمپئن نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 122 رنز کا ہدف 14ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایونٹ کے افتتاحی میچ میں کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ابتدا سے ہی کراچی کنگز نے اپنے فیصلے کو درست ثابت کرنے کی کوشش کی، جہاں 6 کے مجموعے پر ٹام بینٹن کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد 7 رنز بنانے والے سرفراز احمد بھی 17 کے مجموعے پر ایک آسان گیند پر کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

صائم ایوب کے ساتھ یونیورس باس کرس گیل نے ٹیم کو 55 کے مجموعے تک پہنچایا جہاں 8 رنز بنانے والے صائم بھی پویلین لوٹ گئے ۔

24 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کھیلنے والے کرس گیل 68 کے مجموعے پر گرنے والی کوئٹہ کی چوتھی وکٹ بنے۔

آخر میں اعظم خان کے 17، قیس احمد کے 16 اور بین کٹنگ کے 11 رنز کی بدولت کوئٹہ کی ٹیم 121 رنز تک پہنچ سکی جہاں کراچی نے اسے آل آؤٹ کردیا۔

کنگز کی جانب سے ارشد اقبال نے 3 اور وقاص مقصود نے 2 شکار کیے جبکہ عماد وسیم، محمد عامر، عامر یامین اور ڈینئل کرسچن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین نے 4 کے مجموعے پر ہی شرجیل خان کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔

دوسری وکٹ پر جو کلارک اور بابر اعظم نے 55 رنز جوڑے، جبکہ 59 پر 46 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلنے والے جو کلارک آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم نے کولن انگرام کے ہمراہ ٹیم کا اسکور 87 رنز پر پہنچایا جہاں وہ بھی محمد حسنین کا شکار بن گئے۔

اس کے بعد جیسے میچ کوئٹہ کے ہاتھ سے نکل ہی گیا، کیونکہ کراچی کنگز کے محمد نبی نے 14 گیندوں پر 2 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 30 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کا فاتحانہ آغاز کروادیا۔

بہترین بولنگ پرفارمنس پر کراچی کنگز کے ارشد اقبال کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تازہ ترین