• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 6: لاہور قلندرز کا ایونٹ میں فاتحانہ آغاز


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں لاہور قلندرز نے جیت کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور بولرز نے ان کے فیصلے کو درست ثابت کردیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر امام الحق کو پویلین کی راہ دکھائی، اس کے بعد سلمان مرزا نے 18 کے مجموعے پر کامران اکمل کو بھی آؤٹ کردیا۔

ایک رن کے اضافے کے بعد سلمان مرزا نے پھر جادو جگایا اور خطرناک حیدر علی کو بھی صفر پر آؤٹ کردیا۔

شعیب ملک نے 26 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو بحران سے نکالا لیکن وہ بھی 46 کے مجموعے پر ہمت ہار گئے۔

روی بوپارا اور ردرفرڈ کے درمیان 64 کی شراکت پشاور زلمی کا اسکور 110 تک پہنچایا، جہاں ردرفرڈ آؤٹ ہوئے، انھوں نے 26 رنز بنائے۔

روی بوپارا نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 126 کے مجموعے پر وہ بھی آؤٹ ہوگئے، تاہم عماد بٹ کی 22 رنز کی اننگز نے ٹیم کو 140 کے ہندسے تک پہنچایا۔

شاہین شاہ آفریدی نے اپنے 4 اوور کے کوٹے میں صرف 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

سلمان مرزا کے حصے میں دو جبکہ ڈیوڈ ویزے کے حصہ میں ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم نے محتاط انداز اختیار کیا، لیکن یہاں بھی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

سہیل اختر نے 14 اور فخر زمان نے 15 رنز بنائے، اور دونوں ہی اوپنرز 39 کے مجموعے پر پویلین لوٹے۔

ایسے میں محمد حفیظ نے پہلے آغا سلمان کے ساتھ، پھر بین ڈنک کے ساتھ پارٹنرشپس بنا کر ٹیم کو 89 تک پہنچایا۔

اس اسکور پر بین ڈنک آؤٹ ہوئے، اس کے بعد سمت پٹیل نے حفیظ کا ساتھ دیا، اور وہ 109 پر پویلین لوٹے۔

اسی مجموعے پر ڈیوڈ ویزے بھی پہلی گیند پر آؤٹ ہوئے تو لاہور قلندرز کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔

تاہم راشد خان نے برق رفتار 27 رنز بنا کر ٹیم کو شاندار انداز میں ایونٹ میں پہلی فتح سے ہمکنار کروایا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے محمد حفیظ 33 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

پشاور زلمی کے وہاب ریاض اور ثاقب محمود نے دو دو وکٹیں لیں۔

میچ میں بہترین بولنگ پرفارمنس پر لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تازہ ترین