پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 179 رنز کا ہدف دے دیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز ٹام بینٹن اور صائم ایوب بالترتیب 4 اور 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس وقت ٹیم کا اسکور 12 تھا۔
ایسے میں گلیڈی ایٹرز کے کرس گیل اور سرفراز احمد نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور سنچری پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کیا۔
سرفراز احمد نے 5 چوکوں کی مدد سے 40 جبکہ کرس گیل نے 5 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 113 اور 118 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
اختتامی لمحات میں محمد نواز نے 33 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو 178 کے ٹوٹل تک پہنچادیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف سب سے کامیاب بولر رہے جنھوں نے 3 وکٹیں لیں جبکہ ان کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی، راشد خان اور احمد دانیال کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
واضح رہے کہ ایونٹ کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنی پہلی کامیابی کی تلاش ہے، کیونکہ اسے ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں کراچی کنگز کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
لاہور قلندرز کی ٹیم کپتان سہیل اختر، فخر زمان، سلمان آغا، محمد حفیظ، بین ڈنک، سمت پٹیل، ڈیوڈ ویزا، راشد خان، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریری اور حارث رؤف پر مشتمل ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، ٹام بینٹن، کرس گیل، صائم ایوب، اعظم خان، بین کٹنگ، محمد نواز، انور علی، محمد حسنین، عثمان شنواری اور زاہد محمود شامل ہیں۔