• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کی تمام کمیونٹیز معیاری اور کم قیمت پاکستانی مصنوعات کا استعمال کریں، طارق وزیر

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل) قونصل جنرل آف پاکستان مانچسٹر طارق وزیر سے معروف سیاسی و سماجی اور ممتاز کاروباری شخصیت حافظ فرحان احمد،ممتاز بزنس مین خالد چوہدری، ڈائریکٹر آف پروک ایسوسی ایٹس معروف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ عبد الباسط کی قونصلیٹ جنرل آف پاکستان مانچسٹر میں ملاقات ہوئی ہے۔ اس موقع پر طارق وزیر نے کہا کہ ہمارے ملک میں بہت سی خوردونوش کی اشیا دنیا کے ممالک سے معیاری لحاظ سے بہت بہتر ہیں لیکن انکو کئی دہائیوں سے ایک ہی طرز کی پیکنگ،ایکسپورٹ کوالٹی اور پروسس سے ایکسپورٹرز ایکسپورٹ کر رہے ہیں۔ لہٰذا ہمیں اس طرز معیار ایکسپورٹ کو جلد بدلنے کی ضرورت درکارہے۔ دنیا جس تیزی سےٹیکنالوجی و ڈیجیٹل اور جدید تیکنیک کیوجہ سے ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔ہمیں دنیا کے ساتھ چلنا ہوگا- قونصل جنرل آف پاکستان مانچسٹر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جلد ہی پاکستانی مصنوعات کو ایک چھت تلے اکھٹا کرکے برطانیہ میں مقیم تمام کمیونیٹیز کے لوگوں کو دعوت دیں گے تاکہ وہ ہمارے معیار اور کوالٹی نیز دیگر ممالک سے کم قیمتوں کو دیکھتے ہوئے پاکستانی مصنوعات کو زیادہ سے زیادہ امپورٹ اور استعمال کریں۔ اس پر ہم نے کام شروع کر دیا ہے۔ ممتاز کاروباری شخصیت حافظ فرحان احمد، کاروباری شخصیت خالد چوہدری اور معروف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ عبد الباسط نے قونصل جنرل آف پاکستان مانچسٹر طارق وزیر کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ انکی انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر قونصل جنرل آف پاکستان مانچسٹر کیطرح اور ان کے بتائے ہو ئے فارمولے پر پاکستانی و کشمیری تاجر برادری،صنعتکار، ایکسپورٹرز و امپورٹرز، ڈسٹری بیوٹرز نے اس پر عملدرآمد کیا تو پاکستان سب سے زیادہ ایکسپورٹ کرنے والا ملک بن سکتا ہے۔ اس سے ہمارے ملک پاکستان میں خوشحالی آئیگی اور معیشت مزید مستحکم ہو گی، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے سبب پاکستانی قونصلیٹ جنرل مانچسٹر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں تاکہ تارکین وطن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

تازہ ترین