وینزویلا کے صدر کی حکومت میں شامل سی آئی اے کے ایک سورس نے انہیں پکڑوانے کیلئے امریکا کی مدد کی۔
سی بی ایس نیوز کے مطابق وینزویلا کی حکومت کے اندر موجود سی آئی اے کے ایک سورس نے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری سے قبل ان کے ٹھکانے کا سراغ لگانے میں امریکا کی مدد کی۔
سی آئی اے کے سورس کے کردار کی خبر سب سے پہلے دی نیو یارک ٹائمز نے دی۔ رپورٹ کے مطابق یہ ذریعہ ایک وسیع انٹیلی جنس نیٹ ورک کا حصہ تھا، جس میں فضائی نگرانی (اوورہیڈ انٹیلی جنس) اور سگنلز انٹیلی جنس سمیت دیگر معلومات شامل تھیں۔
انہی معلومات کی بنیاد پر یہ آپریشن انجام دیا گیا، جو سی آئی اے اور امریکی محکمہ دفاع کے درمیان کئی ماہ کی باریک بینی سے کی گئی منصوبہ بندی اور قریبی تعاون کا نتیجہ تھا۔
سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ ادارہ انسانی ذرائع (ہیومن سورسز) کی بھرتی کو ترجیح دے گا۔ تاہم یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ وینزویلا حکومت کے اندر موجود اس ذریعے کو کب بھرتی کیا گیا۔
واضح رہے کہ امریکی حکومت نے ماضی میں صدر مادورو کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات پر7 اگست 2025 کو 50 ملین ڈالر انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔
امریکی اٹارنی جنرل نے کہا کہ نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ پر منشیات اور دہشت گردی سمیت امریکا کے خلاف استعمال کے لیے ہتھیاروں کے حصول کی سازش کے الزامات ہیں، دونوں پر نیویارک کے جنوبی ڈسٹرکٹ میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے ، انہیں جلد ہی امریکی عدالتوں میں انصاف کا سامنا کرنا پڑے گا۔