بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بولر مستفیض الرحمان کے بھارتی لیگ معاملے پر فوری مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
بی سی بی نے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کے آئی پی ایل سے نکالنے کے معاملے کا جائزہ لینے کےلیے ہنگامی مشاورت طلب کی ہے۔
بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے کہا کہ بورڈ میٹنگ فوری طور پر بلانا ممکن نہیں ہے لیکن فوری طور پر مشاورت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشاورت کا مقصد صورتحال کا جائزہ لینا ہے اولین ترجیح کرکٹرز کی حفاظت اور سیکیورٹی ہے، مشاورت سے اصل حقائق سامنے آئیں گے متعلقہ ڈپارٹمنٹس سے بھی مشاورت کر رہے ہیں۔
بنگلادیشی میڈیا رپورٹ کے مطابق بی سی بی بھارت میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں سیکیورٹی کی یقین دہانی معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے بات کرے گا۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق بی سی بی ورلڈ کپ میں بنگلادیشی ٹیم کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، آئی سی سی کے سامنے بنگلادیش کے میچز سری لنکا میں کھیلنے کا آپشن بھی رکھا جائے گا۔
بھارتی بورڈ نے تنگ نظری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے انتہا پسند ہندوؤں کے دباؤ پر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے ریلیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بھارتی بورڈ کی ہدایت پر شاہ رخ خان کی کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلادیشی فاسٹ بولر کو ریلیز کردیا ہے۔
یاد رہے کہ انتہا پسند مذہبی رہنماؤں اور سیاست دانوں نے بنگلادیشی کرکٹرز کے بھارت میں نہ کھیلنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔