کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو اسکواڈ سے ریلیز کرنے کی تصدیق کر دی، اس حوالے سے بنگلادیشی بولر کا بیان سامنے آگیا۔
فرنچائز کے مطابق بی سی سی آئی کی ہدایت کے بعد ریلیز کا عمل مشاورت اور طریقہ کار کے تحت کیا گیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹر ی دیوا جیت سائیکیا کے مطابق کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو مستفیض الرحمان کو اسکواڈ سے الگ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
مستفیض الرحمان نے بنگلادیشی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "اگر آپ کو ڈراپ کیا جائے تو اور کیا کر سکتے ہیں؟
خیال رہے کہ بنگلادیشی بولر کو آئی پی ایل 2026 کی نیلامی کے دوران دسمبر 2025 میں 9.20 کروڑ بھارتی روپے میں سائن کیا گیا تھا۔
بھارتی بورڈ نے تنگ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتہا پسند ہندوؤں کے دباؤ پر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے ریلیز کرنے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد بھارتی بورڈ کی ہدایت پر شاہ رخ خان کی کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلادیشی فاسٹ بولر کو ریلیز کردیا۔
یاد رہے کہ انتہا پسند مذہبی رہنماؤں اور سیاست دانوں نے بنگلادیشی کرکٹرز کے بھارت میں نہ کھیلنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔