امریکا نے وینزویلا کے صدر مادورو کےخلاف کریمنل چارجز کا اعلان کردیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا پر حملے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری ہدایت پر امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت میں ایک غیر معمولی آپریشن کیا، امریکی فوج کی فضائی، زمینی اور بحری طاقت کا شاندار مظاہرہ دیکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو قانون کے کٹہرے میں لایا گیا، انہیں اور ان کی اہلیہ کو نیویارک منتقل کیا جا رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ امریکی فوجی طاقت کا ایک غیر معمولی، شاندار مظاہرہ تھا, وینزویلا کو اقتدار کی منتقلی تک ہم چلائیں گے، ہماری تیل کی کمپنیاں وینزویلا جائیں گی۔
امریکی صدر نے کہا کہ ہم نے دوسرے مرحلے میں فضائی حملوں کا منصوبہ بنایا ہے، سلیمانی اور البغدادی کو بھی ہم نے اسی طرح نشانہ بنایا تھا، ایران کی جوہری تنصیبات کو بھی اسی طرح کے حملے میں تباہ کر دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے تمام اہداف کو بالکل درست نشانہ بنایا، دنیا میں کوئی اور ملک ایسا کارنامہ انجام نہیں دے سکتا، جب مادورو کو گرفتار کیا گیا تو کراکس میں مکمل اندھیرا تھا، بجلی بند تھی، مادورو کی گرفتاری کے لیےآپریشن میں فضائی، زمینی اور بحری طاقت کا استعمال کیا گیا، آپریشن میں نہ کوئی فوجی ساز و سامان کو نقصان پہنچا، نہ کوئی فوجی ہلاک ہوا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ہم نے سمندر کے راستے منشیات کی اسمگلنگ 90 فیصد ختم کی، وینزویلا کےساتھ پارٹنرشپ قائم کریں گے، ڈکٹیٹر مادورو منشیات اسمگلنگ کے وسیع کریمنل نیٹ ورک کے سرپرست تھے، مادورو پر امریکی عدالت نے فرم جرم عائد کیا ہے، یہ ڈرگ کرٹیل ہزاروں امریکیوں کی اموات کے ذمے دار ہیں، مادورو اور ان کی اہلیہ امریکی انصاف کی بھرپورطاقت کا سامنا کریں گے، مادورو اور ان کی اہلیہ امریکی سرزمین پرعدالتی کارروائی کا سامنا کریں گے، عدالت میں ان کے جرائم کے ثبوت پیش کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا پر امریکی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکا نے وینزویلا اور اس کے لیڈر پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو پکڑ کر ملک سے باہر منتقل کیا گیا ہے۔ وینزویلا پر حملے کے لیے بہت اچھی منصوبہ بندی کی گئی۔
دوسری جانب وینزویلا کے نائب صدر نے کہا ہے کہ وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کے بارے میں نہیں جانتے ہیں کہ وہ کہاں ہیں، دونوں شخصیات کے زندہ ہونے کا ثبوت دیا جائے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس کو امریکی فورسز نے ان کے بیڈ روم سے پکڑا۔