• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ انتخابات، عبدالحفیظ شیخ کو پہلی بار مختلف چیلنج کا سامنا

اسلام آباد (طارق بٹ) سینیٹ انتخابات، عبدالحفیظ شیخ کو پہلی بار مختلف چیلنج کا سامنا ہے۔ ماضی میں وہ باآسانی سینیٹر منتخب ہوتے رہے ہیں، مختلف حکومتوں میں وزیرخزانہ بھی رہے۔تفصیلات کے مطابق، وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اپنے سیاسی کیریئر میں پہلی مرتبہ در در جا کر ووٹرز کو اپنی جانب راغب کررہے ہیں تاکہ سینیٹر منتخب ہوسکیں۔ وہ متعدد مرتبہ سینیٹر منتخب ہوچکے ہیں مگر ذاتی طور پر انہوں نے کبھی اتنی کوششیں نہیں کیں جتنی اس بار کررہے ہیں۔ یہ ان کے لیے بالکل نیا ہے، حالاں کہ یہ ان کے مزاج کے مطابق نہیں ہے کہ وہ الیکٹورل کالج کے ارکان کے پاس جاکر ووٹ مانگیں۔گزشتہ انتخابات ان کے لیے بہت آسان تھے کیوں کہ ان کا کوئی سخت حریف نہیں تھا۔ چاہے انہیں پیپلزپارٹی نے میدان میں اتارا ہو یا ق لیگ نے، انہیں بہت آسانی سے کامیابی مل گئی تھی۔ اس مرتبہ بھی پی ٹی آئی نے انہیں نامزد کیا ہے، جس کی قومی اسمبلی میں اکثریت ہے، تاہم، پی ڈی ایم کی جانب سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نامزدگی سے یہ مقابلہ سخت ہوگیا ہے۔ دونوں میں سے کسی کی بھی جیت یا ہار مخالف کے لیے بڑی کامیابی ہوگی اور اس کے سیاسی اور پارلیمانی میدان میں وسیع اثرات مرتب ہوں گے۔ دونوں کے لیے اپنے ووٹ کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے۔

تازہ ترین