• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا کو قومی مفادات کی حساسیت سمجھائے بغیر بے انتہا آزادی دی گئی، شہریار آفریدی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار خان آفریدی نے کہا کہ انفارمیشن ایج میں چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ دشمن ریاست پاکستان کی بنیاد کو ہلانے کے لئےذرائع کا بے دریغ استعمال کررہا ہے اور جعلی خبروں کے ذریعے وار پہ وار کیے جا رہا ہے۔کشمیر کمیٹی اور انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کی جانب سے مشترکہ طور پر "ڈس انفارمیشن اور اسٹریٹجک وارفیئر" کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سےخطاب کرتے ہوئے شہریار خان آفریدی نے کہا کہ مودی نے اسٹریٹجک اور سیاسی مقاصد کے لئے پاکستان کے خلاف منفی بیانیہ استعمال کیا، دشمن نے انفارمیشن کے اس دور میں معلومات کو اسٹریٹجک اور ہائبرڈ جنگ کیلئے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا ہے،انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی ڈس انفو لیب رپورٹ کے مطابق بھارت نے پاکستان کو بدنام کرنے میں جعلی میڈیا ہاؤسز اور جعلی سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کا استعمال کیا، میڈیا کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کچھ شیطانی عناصر انفرادی اور ریاستی مقاصد کیلئے میڈیا بیانیہ کا غلط استعمال کرسکتے ہیں۔ پاکستانی ریاست نے پاکستانی میڈیا کو نظرانداز کیا اور شیطانی طاقتوں نے پاکستانی میڈیا کو ریاستی مقاصد کے خلاف غلط استعمال کیا، بدقسمتی سے میڈیا ہاؤسز کو قومی مفادات کی حساسیت سمجھائے بغیر بے انتہا آزادی دے دی گئی۔

تازہ ترین