• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مادروطن کے بحری مفادات کا ہرقیمت پر تحفظ کیا جائیگا،نیول چیف

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان نیوی آپریشنل کمانڈز سیمینار کا کراچی میں انعقاد،چیف آف دی نیول اسٹاف نے بحری دفاع کو یقینی بنانے اور مادر وطن کے بحری مفادات کو ہر قیمت پر تحفظ دینے کے پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ کیا،ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان بحریہ کے آپریشنل کمانڈز سیمینار کا انعقاد بحریہ آڈیٹوریم کراچی میں کیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے اعلیٰ سطح کی جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے بھرتیوں اور ترقی کی حکمت عملی کو مستقل طور پر ابھرتے ہوئے خطرات سے ہم آہنگ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دشمن کی طرف سے کسی بھی قسم کی غلط کارروائی کا بھرپور جواب دیا جاسکے۔امیر البحر نے بحری دفاع کو یقینی بنانے اور مادر وطن کے بحری مفادات کو ہر قیمت پر تحفظ دینے کے پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سمندری خطرات اور چیلنجز کے خلاف ملکی دفاع کے لیے ایک متوازن اور مضبوط فوج کو برقرار رکھنے کے لیے پاک بحریہ کی جانب سے کیے جانے والے مختلف ترقیاتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ مہمان خصوصی نے ریسرچ پیپرز کے معیار اور بہترین تحقیق پر مبنی مقالے پیش کرنے پر پینل اراکین کی تعریف کی اور پیشہ ورانہ انداز میں سیمینار کا انعقاد کرنے پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔پاک بحریہ کی آپریشنل کمانڈز یعنی فلیٹ اور کوسٹل کمانڈ کے زیراہتمام پاکستان نیوی آپریشنل کمانڈز سیمینارسالانہ منعقد ہونے والا ایک اہم پروگرام ہے جس کے دوران متعلقہ کمانڈز کے منتخب شدہ افسران موجودہ پیشہ ورانہ بحری مسائل اور امور پر مقالے پیش کرتے ہیں۔

تازہ ترین