• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاندار کارکردگی پر بھی ریسکیو 1122 کو خودمختار نہ کرنا افسوسناک، پرویز الٰہی

لاہور(نمائندہ جنگ) اسپیکر چوہدری پرویزالٰہی نے اپنی زیر صدارت پنجاب اسمبلی اجلاس میں ن لیگ کی رکن خدیجہ عمر فاروقی کی جانب سے ایوان میں پیش کئے پنجاب ایمرجنسی سروس ترمیمی بل کے حوالے سے کہاکہ اس محکمے کے بل کو 2004ء میں ہماری حکومت نے ہی پاس کروایا تھا جس کی اب تک کی کارکردگی نہایت شاندار رہی ہے ،اسکی کاردکردگی کو نہ صرف اندرون ملک سراہا گیابلکہ UNO نے بھی تعریف کی ،پھر بھی اگر اس ادارے کو خودمختار اور اس کے اہلکاروں کو ریگولرائز نہیں کیا گیا تو یہ نہایت افسوسناک بات ہے۔ریسکیو1122 ادارے کو کبھی شہری دفاع کے ساتھ منسلک کر دیا جاتا تو کبھی کسی اور ادارے کے ساتھ، جو اس محکمے اور اس کے اہلکاروں کے ساتھ زیادتی ہے۔ ریسکیو 1122 ادارے نے بلاتفریق امیر و غریب کے آج تک 90 لاکھ سے زائد مریضوں کو ریسکیو کر کے ان کی جانیں بچائیں۔پرویز الٰہی نے کہا کہ اگر اس محکمے کو وہ سٹیٹس نہ دیا گیا جو اس کو دینا چاہئے تھا تو میں ان تمام لوگوں کی فہرست سامنے لاؤں گا جو اس ادارے کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ وزیرقانون راجہ بشارت نے یقین دہانی کروائی کہ اس ادارے کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں، حکومت اس کے مسودہ قانون میں ترمیم کیلئے کام کر رہی ہے ،جمعرات تک میں اس ہاؤس کے سامنے وہ تمام سفارشات پیش کروں گا جو آپ نے بیان کی ہیں اس میں کسی بھی قسم کا کوئی فرق نہیں ہو گا۔

تازہ ترین