• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب سے بلامقابلہ منتخب ہونے والے تمام سینیٹرز کروڑ پتی ہیں

پنجاب سے بلامقابلہ منتخب ہونے والے تمام سینیٹرز کروڑ پتی ہیں 


لاہور(نمائندہ جنگ)پنجاب سے بلا مقابلہ منتخب ہونیوالے تمام سینیٹرز کروڑ پتی ہیں، سب سے امیراعظم نذیر تارڑ، لاہور،مری، حافظ آباد میں39 جائیدادیں،3 گاڑیاں، 130 تولہ سونا، بنک بیلنس، علی ظفر کی لاہور،لندن، دبئی میں درجن سے جائیدادیں، ڈاکٹر زرقا، اعجاز چوہدری،ساجدمیرکی کوئی گاڑی نہیں، تفصیلات کے مطابق پنجاب سے بلامقابلہ منتخب ہونے والے سینیٹرز کے اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔

مسلم لیگ ن کے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی لاہور ، مری اور حافظ آباد میں 38 جائیدادیں ہیں ، جن کی مالیت 9 کروڑ 57 لاکھ روپے بتائی گئی ہے ، ان کا لندن میں بھی ایک رہائشی فلیٹ ہے جس کی مالیت 1 کروڑ 15 لاکھ روپے ہے ، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کے 7 پاکستانی بینکوں میں 1 کروڑ 72 لاکھ روپے اور غیر ملکی بینکوں میں 84 ہزار پاؤنڈ اور 9 ہزار 478 امریکی ڈالر موجود ہیں. وہ 3 ذاتی گاڑیاں رکھتے ہیں.

ان کے پاس 130 تولے سونا اور 3 لاکھ روپے مالیت کا فرنیچر بھی موجود ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے علی ظفر کی پاکستان میں 5 کروڑ کی 11 جائیدادیں ہیں ، لندن اور دبئی میں موجود ان کی جائیدادوں کی مالیت 25 کروڑ روپے ہے ، ان کے 7 پاکستانی بینکوں میں 13 کروڑ اور غیر ملکی بینکوں میں 10 کروڑ روپے ہیں ، ان کے ذاتی استعمال میں 3 گاڑیاں ہیں اس کے علاوہ سینیٹر علی ظفر 15 تولے سونے کے بھی مالک ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی سعدیہ عباسی مجموعی طور پر 38 کروڑ کی جائیداد کی مالک ہیں ان کے پاس 50 لاکھ روپے نقد اور 100تولہ سونا بھی ہے.

سعدیہ عباسی کے پاس اپنی 3 گاڑیاں ہیں اور وہ 3 لاکھ روپے مالیت کے فرنیچر کی بھی مالک ہیں۔ تحریک انصاف کی ڈاکٹر زرقا سہروردی کی پاکستان میں 4 جائیدادوں کی مالیت 4 کروڑ 67 لاکھ روپے بتائی گئی ہے ، ان کے پاس 3 لاکھ کا فرنیچراور بینک میں 61 لاکھ روپے ہیں. دستاویز کے مطابق ڈاکٹر زرقا کے پاس گاڑی اور جیولری نہیں ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن ٹکٹ پر منتخب ہونے والے ساجد میر کی ایک کروڑ 40 لاکھ روپے کی 3 جائیدادیں ہیں ، 31 لاکھ روپے نقد، 10 تولہ سونے اور 2 لاکھ روپے کے فرنیچر کے بھی مالک ہیں ، بینکوں میں ان کے 3 لاکھ روپے ہیں لیکن ذاتی گاڑی نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کے عون عباس کی 2 جائیدادیں ہیں ، جن کی مالیت 5 کروڑ روپے ہے ، ان کے پاس 295 کنال زرعی اراضی ہے ، کاروباری اثاثوں کی مالیت 40 لاکھ روپے بتائی گئی ہے ، عون عباس 2 گاڑیوں اور 35 تولے سونے 10 لاکھ روپے مالیت کےفرنیچر 54 لاکھ روپے کے زرعی آلات اور جانوروں کے بھی مالک ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے سیف اللہ سرور کے پاس 2 گاڑیاں ، 30 تولے سونا اور ایک لاکھ 35 ہزار روپے کیش ہے ، اس کے علاوہ سیف اللہ سرور کی 2 مقامات پر 15لاکھ روپے کی جائیدادیں بھی ہیں.

ان کے بینکوں میں 27 لاکھ روپے موجود ہیں ،وہ 30 لاکھ روپے کے کاروباری اثاثوں اور 7 لاکھ روپے مالیت کے فرنیچر کے بھی مالک ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ق کے کامل علی آغا مجموعی طور پر 8 جائیدادوں کے مالک ہیں ، جن کی مالیت ایک کروڑ 50 لاکھ روپے بتائی گئی ہے

اس کے ساتھ ان کے پاس 45 لاکھ روپے کا کاروبار ہے ، جب کہ وہ ایک گاڑی اور 31 لاکھ روپے کیش کے بھی مالک ہیں ، ان کے 3 بینکوں میں 88 لاکھ روپے موجود ہیں اور وہ 5 لاکھ روپے مالیت کے فرنیچر کے بھی مالک ہیں۔

تحریک انصاف کے اعجاز احمد چوہدری کے پاس اپنی کوئی جائیداد ہے نہ کسی گاڑی کے مالک ہیں ، تاہم ان کے 2 بینکوں میں 13 لاکھ روپے ہیں، وہ 80 تولہ سونے کے مالک بھی ہیں اس کے علاوہ ان کے پاس ایک لاکھ روپے مالیت کا فرنیچر بھی ہے۔

تازہ ترین