کراچی ( اسٹاف رپورٹر) بلاول بھٹو سے قائم علی شاہ کی ملاقات ،ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیاگیا، اس موقع پر بلاول بھٹو کاکہناتھاکہ دھاندلی پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے، سینیٹ الیکشن چوری نہیں ہونے دینگے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے جمعہ کو بلاول ہاؤس کراچی ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی و غربت اور سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے کے علاوہ کچھ نہیں کیاہے ،دھاندلی کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے، سینیٹ الیکشن چوری ہونے نہیں دیں گے، اگر آج بھی صاف و شفاف انتخابات ہوں تو پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔پشاور سے نمائندہ جنگ کے مطابق گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے پشاور میں اپنی پارٹی کے منتخب ارکان احمد کریم کنڈی، ملک امجد آفریدی اور شیر اعظم ، نگہت اورکزئی، ثناءاللہ اور بادشاہ صالح کیساتھ ملاقات کی جس کے دوران سینیٹ انتخابات، سیاسی صورت حال اور حکومت مخالف تحریک پر تفصیلی گفتگو ہوئی، ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا سینیٹ انتخابات کیلئے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔