• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہاڑ جیسے مسائل کے باوجود معیشت کوسنبھالا،حماد اظہر

لاہور (خصوصی رپورٹر)وفاقی وزیر صنعت و تجارت حماد اظہر نے کہا ہے کہ پہاڑ جیسے مسائل ورثے میں ملنے اور کورونا وبا کے باوجود حکومت نے بروقت اور درست فیصلوں سے معیشت کو سنبھالا دیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں تحریک انصاف سمن آباد ٹائون حلقہ این اے126کی صدر شگفتہ سجادکی قیادت میں وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حلقے کے بنیادی مسائل اورپارٹی کے تنظیمی امور کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ حماد اظہر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے بروقت اور مشکل فیصلوں کے ذریعے معیشت کو درست سمت میں گامزن کر لیا ہے جس کے بتدریج مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔مہنگائی کی شرح کو کنٹرول کرنے کے لئے بھی موثرمیکنزم بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مشکل وقت گزارلیا ہے او راپوزیشن اپنے منفی پراپیگنڈے سے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتی ۔
تازہ ترین