• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ انتخابات، اے این پی کا اپوزیشن اراکین کے اعزاز میں عشائیہ

سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی جانب سے اپوزیشن اراکین کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان، جنرل سیکریٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک، صوبائی ترجمان و ایم پی اے ثمر ہارون بلور، سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور اور اراکین صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔

عشائیہ پشاور میں اے این پی کے نامزد امیدوار برائے جنرل نشست حاجی ہدایت اللّٰہ خان کی رہائشگاہ پر دیا گیا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے وفد نے صوبائی امیر مولانا عطاء الرحمان کی قیادت میں شرکت کی جس میں صوبائی جنرل سیکریٹری عطاء الحق درویش، عبدالجلیل جان اور اراکین صوبائی اسمبلی کے علاوہ دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

جماعت اسلامی کے وفد نے پارلیمانی لیڈر عنایت اللّٰہ خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے پارلیمانی لیڈر شیر اعظم وزیر کی قیادت میں شرکت کی۔

عشائیہ میں مسلم لیگ ن سمیت تمام اپوزیشن اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اپوزیشن کے اتحاد کی جانب سے جو بھی لائحہ عمل بنایا جائے گا جماعت اسلامی سمیت پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں اس پر بھرپور عمل کریں گی۔

اجلاس میں اراکین کا کہنا تھا کہ حکومتی دباؤ کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور تمام نامزد اراکین کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر توانائیاں صرف کی جائیں گی۔

تازہ ترین