نیویارک (جنگ نیوز )مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے کورونا سے بچاؤ کے ٹیکوں کے خلاف گمراہ کن باتیں پھیلانے والوں کے اکاؤنٹس کو مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے اعلان کیا ہے کہ کورونا ویکسین کے بارے میں افواہیں پھیلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، گمراہ کن ٹوئٹس اور غلط معلومات پھیلانے والوں کے اکاؤنٹس کو مستقل بند کردیا جائے گا۔اس حوالے سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ کی جانب سے ایک طریقہ کار ترتیب دیا گیا ہے جو کورونا ویکسین سے متعلق گمراہ کن ٹوئٹس پر پہلے خبردار کرے گا اور پانچویں گمراہ کن ٹوئٹ پر اکاؤنٹ کو مستقل بند کردے گا۔ٹوئٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ٹوئٹر پر افواہوں کی گردش اور گمراہ کن معلومات کا سدباب کرے گا جو ویب سائٹ کی اعتدال پسندی اور انتہاپسندی کے خلاف وضع پالیسی کے عین مطابق ہے۔