طبی ماہرین کی جانب سے وائرل، انفیکشن اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے لیے قوت مدافعت مضبوط اور نیند پوری کرنا تجویز کیا جاتا ہے مگر مصروف، بھاگتی دوڑتی روٹین کے دوران نیند کے مسائل بڑھ جاتے ہیں اور قوت مدافعت کمزور پڑنے لگتا ہے جس کا علاج گھر میں موجود دیسی مسالوں سے بنائے گئے مشروب سے کیا جا سکتا ہے ۔
طبی ماہرین کے مطابق نیندکی کمی کے سبب وزن اور ذہنی دباؤ میں اضافہ ہونے لگتا ہے، پر سکون نیند نہ لینے کے سبب دماغی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے اور انسانی جسم میں موجود بیماریوں سے بچانے والا نظام ، قوت مدافعت کمزور پڑنے لگتا ہے جس کے سبب انسان کے متعدد بیماریوں میں گھرنے کے خدشات میں اضافہ ہوتا ہے۔
طبی و غذائی ماہرین کی جانب سے رات سونے سے قبل اینٹی سیپٹک خصوصیات سے بھرپور گرم مسالے میں شمار کیے جانے والی ہلدی سے بنا دودھ پینا تجویز کیا جاتا ہے۔
اس ہلدی دودھ میں اگر چند اجزا مزید شامل کر لیے جائیں تو یہ نہ صرف ہلدی دودھ کا ذائقہ بڑھا دیتے ہیں بلکہ اس کے صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
قدرتی اجزا سے تیار کیے جانے والے اس مشروب کو ماہرین کی جانب سے ’مون شائن مِکس‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے استعمال سے مجموعی صحت سمیت نیند میں بھی بہتری آ تی ہے۔
’ مون شائن مِکس ‘ بنانے کے لیے درکار اجزا مندرجہ ذیل ہیں:
10 کھانے کے چمچ ہلدی
2 کھانے کے چمچ پسی ہوئی لونگ (باریک پاؤڈر کی شکل میں)
4 کھانے کے چمچ ادرک کا پاؤڈر
3 کھانے کے چمچ لال گلاب کا ؤڈر
2کھانے کے چمچ جائفل کا پاؤڈر
2 کھانے کے چمچ دار چینی پاؤڈر
5 کھانے کے چمچ ملٹھی پاؤڈر
15 کھانے کے چمچ براؤن شکر یا پسا ہوا گُڑ لے لیں۔
اب ان سب اجزا کو اچھی طرح ملا کر ایک ایئر ٹائٹ جار میں محفوظ کر لیں۔
طریقہ استعمال
رات سونے سے قبل اس سفوف کا ایک چمچ ایک گلاس نیم گرم دودھ میں ملا کر پی لیں، اس دودھ یعنی کہ ’مون شائن مِکس‘ سے پر سکون نیند میں مدد ملے گی، قوت مدافعت میں بھی اضافہ ہوگا اور نظام ہاضمہ درست ہوگا۔