• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وٹامنز اور منرلز انسانی جسم کے لیے بنیادی اجزا کی حثیت رکھتے ہیں، وٹامنز کی متوازن مقدار قوت مدافعت مضبوط بنا کر متعدد بیماریوں، وائرل اور موسمی انفیکشنز سے بچاتی ہے، وٹامنز سے حاصل ہونے والے فوائد کو مؤثر بنانے کے لیے کونسا وٹامن کس وقت لینا چاہیے یہ جاننا بھی نہایت ضروری ہے ۔

طبی ماہرین کے مطابق وٹامنز انسانی جسم میں جا کر مختلف اوقات میں مختلف طریقوں سے افادیت پہنچاتے ہیں، کچھ وٹامنز کھانے سے قبل، کھانے کے بعد، نہار منہ یا کھانے کے دوران لیے جاتے ہیں، ہر وٹامن کا انسانی جسم مین اثر انداز ہونے کا اپنا ایک طریقہ ہوتا ہے، سپلیمنٹس کے طور پر لیے جانے والے وٹامنز میں کچھ ملٹی یعنی ایک کیپسول میں ایک سے زائد وٹامنز پائے جاتے ہیں جبکہ کچھ وٹامنز واحد ہوتے ہیں جنہیں مختلف اوقات میں لینا زیادہ سود مند ثابت ہوتا ہے۔

ملٹی وٹامنز لینے کا صحیح وقت

ملٹی وٹامنز کے کیپسول میں کیلشیم ، آئرن، فولک ایسڈ، وٹامن اے، بی کی مخلتف اقسام، سی، ای، ڈی اور زنک پایا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق آئرن خالی پیٹ زیادہ جلدی ہضم اور مؤثر ثابت ہوتا ہے، اگر آئرن لینے سے قبل ڈیری مصنوعات کا استعمال کیا جائے تو آئرن کی افادیت کم ہو جاتی ہے اور ہضم ہونے میں وقت زیادہ لگتا ہے، آئرن کا استعمال نارنجی یا وٹامن سی سے بھرپور کسی بھی پھل کے جوس کے ساتھ کرنا زیادہ بہتر ثابت ہوتا ہے۔

طبی و غذائی ماہرین کے مطابق ملٹی وٹامنز کھانے کا صحیح وقت دوپہر کے کھانے کے دوران ہے، دوپہر کے کھانے سے قبل وٹامن کا کیپسول کھائیں اور کھانا کھا لیں، یہ ان ملٹی وٹامنز کو ہضم اور ان کے مکمل فوائد حاصل کرنے کا یہ صحیح وقت ہے۔

ملٹی وٹامنز ہمیشہ بڑا گلاس بھر کر پانی کے ساتھ لینا چاہیے۔

صبح کے آغاز میں وٹامنز کا استعمال کرنا یا بغیر کھانا کھائے لینا انسان کو بیمار کر سکتا ہے، رات سونے سے قبل انہیں کھایا جا سکتا ہے، ملٹی وٹامنز سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے انہیں بغیرناغہ روزانہ کھانا چاہیے۔

فولک ایسڈ کا استعمال

فولک ایسڈ کا استعمال حاملہ خواتین کے لیے نہایت ضروری ہے، ماہرین کے مطابق حمل سے ایک سال قبل فولک ایسڈ کا استعمال شروع کر دینا چاہیے۔

فیٹ سلیوبل ( تیل پر مشتمل) وٹامنز لینے کا صحیح وقت

وٹامن A، E ، D اور K کا شام کے کھانے کے ساتھ استعمال کرنا مفید ثابت ہوتا ہے، ان وٹامنز کو ہضم ہونے کے لیے چکناہٹ کی ضرورت ہوتی ہے، جب ان وٹامنز کا زیادہ استعمال کیا جائے تو یہ انسانی جگر میں جمع ہونا شروع ہو جاتے ہیں، ان وٹامنز سے بھر پور فائدہ اُٹھانے کے لیے ان کا استعمال ایسی غذاؤں کے ساتھ کرنا چاہیے جن  میں سیچوریٹڈ فیٹ موجود ہوں۔

واٹر سلیوبل (پانی میں گھلنے والے ) وٹامنز لینے کا صحیح وقت

واٹر سلیوبل وٹامنز خالی پیٹ زیادہ بہتر طریقے سے ہضم ہوتے ہیں اور مؤثر طریقے سے انسانی جسم میں اثر انداز ہوتے ہیں، ان وٹامنز کا استعمال صبح کے اوقات میں کھانا کھانے سے 30 سے 2 گھنٹے قبل کیا جا سکتا ہے۔

واٹر سلیوبل وٹامنز پانی کے ساتھ ہضم ہو جاتے ہیں، ان وٹامنز میں وٹامن سی، B کی ساری اقسام ، فولک ایسڈ شامل ہیں۔

واٹر سلیوبل وٹامنز انسانی جسم میں محفوظ نہیں رہتے بلکہ یہ پانی کے ساتھ گھل کر انسانی جسم سے خارج ہو جاتے ہیں ۔

وٹامنز بی لینے کا صحیح وقت

دن کا آغاز بہتر بنانے کے لیے صبح اُٹھتے ہی نہار منہ وٹامنز بی کا استعمال کیا جا سکتا ہے، وٹامنز بی کی ساری اقسام امیون سسٹم یعنی کہ قوت مدافعت بڑھانے اور ذہنی دباؤ کم کرنے میں کردار ادا کرتی ہیں۔

وٹامن بی ، بی 2 ، بی 6، بی 12 قوت مدافعت کے لیے بہترین وٹامنز قرار دیئے جاتے ہیں، وٹامنز بی موڈ بہتر بنانے میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔

احتیاط

وٹامنز انسانی صحت کے لیے مفید ہیں مگر ان کا زیادہ استعمال خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اپنی صحت کے مطابق وٹامنز کا انتخاب اپنے ڈاکٹر کے مشورے سے کریں۔

ملٹی وٹامنز کا دن میں ایک سے ز یادہ کیپسول نہ کھائیں۔

اگر حاملہ خاتون کو ملٹی وٹامنز سے ہٹ کر  آئرن کی مقدار زیادہ چاہیے ہو تو ملٹی وٹامنز کی دن میں دو بار کیپسول لینے کے بجائے آئرن یا مطلوبہ وٹامنز کی مقدار بڑھائیں۔

تازہ ترین