• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائنوفام کورونا ویکسین کی بزرگوں کیلئے منظوری


کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بزرگ شہریوں کو ویکسین لگانے کی منظوری دے دی گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ ڈریپ نے 60 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے کورونا وائرس کی ویکسین سائنو فام کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق نیمز کے ساتھ 60 سال سے زائد تمام رجسٹرڈ ہیلتھ کیئر ورکرز ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے 60 سال سے زائد عمر کے طبی عملے کو کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق 60 سال سے زائد عمر کے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کو آج سے چینی ویکسین لگائی جائے گی۔

ڈریپ نے کل رات چینی اور روسی ویکسینز کو 60 سال سے زائد العمر افراد کے لیے موزوں قرار دیا تھا۔

ڈریپ حکام کا کہنا ہے کہ طبی عملے کے علاوہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن چند روز میں شروع ہوگی۔

ڈریپ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ برطانوی ویکسین پاکستان آنے تک بوڑھے افراد کو چینی ویکسین سائنو فارم لگائی جائے گی۔

اس سے قبل کورونا وائرس کی ویکسین پاکستان میں پہلے مرحلے میں صرف ہیلتھ ورکرز کو لگائی جا رہی تھی، ڈریپ کی جانب سے اب بزرگوں کے لیے ویکسین کی منظوری دی گئی ہے۔


واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی وزیرِ ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے 65 برس اور زائد عمر والوں کیلئے کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کا اعلان کیا تھا۔

وفاقی وزیر نے بتایا تھا کہ کورونا ویکسین رجسٹریشن کیلئے قومی شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 1166 پر میسیج کریں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ان شا اللّٰہ 65 برس اور زائد عمر والوں کیلئے کورونا ویکسین مارچ 2021ء سے لگے گی۔

دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ جون تک 60 سال سے زائد عمر والے تمام افراد اور طبی عملے سمیت 1 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ٹارگٹ ہے۔

تازہ ترین