• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن کی وزیراعظم کیخلاف پریس ریلیز اچھی نہیں لگی، فواد چوہدری

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن محترم ہے اور محترم رہے گا، الیکشن کمیشن کی وزیراعظم عمران خان کے خلاف پریس ریلیز اچھی نہیں لگی۔

فواد چوہدری نے دیگر وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران الیکشن کمیشن کے وزیر اعظم عمران خان سے متعلق بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کی خبریں بے بنیاد ہیں، ہم چیف الیکشن کمشنر اور تمام ممبرز کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا الیکشن کمیشن نے شفاف الیکشن کی ذمہ داری پوری نہیں کی، عمران خان نے ہمیشہ کہا انتخابات میں ادارے غیر جانبدار ہوں، عمران خان سے زیادہ ثابت قدم ملک میں اور کوئی وزیراعظم نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان  نے کہا ہم ایوان میں اکثریت ثابت نہیں کرسکتے تو ہمیں رہنے کا حق نہیں، مجھے امید ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے موقف پر نظر ثانی کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کی تقریر ہے کہ ہمارا ٹکٹ بکا ہے، ناصر شاہ کی آڈیو میں صاف ہے 12 کروڑ لے لیں، اس سے زیادہ کیا شواہد ہوں کہ ویڈیو ہے، وڈیو اور مریم نواز کی تقریر واضح شواہد ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کا سینیٹ الیکشن ہم ہارے ہیں، اسی نظام کے تحت ہماری ممبر فوزیہ ارشد کو ووٹ پڑے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے 177 اراکین اسلام آباد آگئے ہیں، امید ہے 179 لوگ کل وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آپ بیلٹ پیپر ٹریس ایبل رکھیں تا کہ پتا چل سکے، ہم کیسے بتائیں بکنے والے لوگ کون ہیں؟ الیکشن کمیشن بتائے گا، الیکشن کمیشن کو پیشکش کی کہ آپ کو ٹیکنالوجی میں پوری معاونت دیں گے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ہم کسی سیاسی جماعت کی نہیں نظام کو ٹھیک کرنے کی بات کر رہے ہیں، جدوجہد اس طبقے کے خلاف ہے جس نے ملک کو تباہ کیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ انہوں نے کرپٹ پریکٹسز کو عام چیز بنانے کا کلچر متعارف کروایا، ن لیگ اور پی پی پی کی ترجیحات میں نہیں کہ انتخابات شفاف ہوں۔

تازہ ترین