• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہلی ایئرپورٹ پر جھگڑا: مسافر کا الزام، ایئر انڈیا ایکسپریس کے پائلٹ نے تشدد کیا

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئر انڈیا ایکسپریس کے پائلٹ نے ایک مسافر کو قطار توڑنے پر مبینہ طور پر  بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شہری انکت دیوان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی تصویر شیئر کی جس میں ان کے چہرے پر خون نظر آ رہا ہے۔ 

انکت دیوان کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت اِن کی 7 سالہ بیٹی نے یہ سب دیکھا اور وہ شدید ذہنی صدمے سے دو چار ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انکت دیوان اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ سفر کر رہے تھے جن میں ان کی چار ماہ کی بیٹی بھی شامل تھی، 4 ماہ کی بیٹی کو اسٹرولر میں لے جایا جا رہا تھا، عملے نے انہیں بچوں والے مسافروں کے لیے استعمال ہونے والی مخصوص سیکیورٹی لائن استعمال کرنے کی ہدایت دی۔

اسی لائن میں کچھ افراد قطار کے بیچ میں سے گزر رہے تھے، جب انہوں نے اعتراض کیا تو مبینہ طور پر ایئر انڈیا ایکسپریس کے پائلٹ کیپٹن وریندر نے انہیں توہین آمیز الفاظ کہے اور پھر بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔

انکت دیوان کے مطابق غصے میں آپے سے باہر پائلٹ نے انہیں جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب ایئر انڈیا ایکسپریس نے اپنے ایک بیان میں پائلٹ کے رویے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ متعلقہ ملازم کو فوری طور پر ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جاری ہیں۔ 

ایئرلائن کے مطابق پائلٹ اس وقت کسی دوسری ایئرلائن کے مسافر کے طور پر سفر کر رہا تھا، تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزارتِ سول ایوی ایشن نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پائلٹ کو فوری طور پر گراؤنڈ کرنے اور باضابطہ انکوائری کا حکم دیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید