اسلام آباد، پشاور (نیوز ایجنسیاں)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی کامیابی جمہوریت کی فتح ہے، اپوزیشن کے مضبوط اتحاد نے حکومتی صفوں میں دراڑیں ڈال دیں،عمران خان کی نام نہاد تبدیلی کو حکومت کے باضمیر عوامی نمائندوں نے بھی مسترد کردیاہے، پی ڈی ایم کی منزل عمران خان کے اقتدار کا خاتمہ ہے اور اپوزیشن جماعتیں ملکر دھاندلی کے زور پر مسلط حکومت کو گھر بھیجے گی۔جمعہ کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل ،نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی اور عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان سے ٹیلیفونک گفتگو کی ۔بلاول بھٹو زرداری نے اختر مینگل ،ڈاکٹر عبدالمالک اور ایمل ولی خان کو سینیٹ میں پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی جیت کی مبارک باد دی۔