وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن اس وقت 20 بندے نکالیں تو ہم گھر جائیں گے، حفیظ شیخ اسلام آباد کے بجائے سندھ سے سینیٹ الیکشن لڑنا چاہتے تھے۔
جیونیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں بکنے والوں کی کمی نہیں، سینیٹ الیکشن میں ٹکٹ نہیں پیسہ چلا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ووٹ صرف آصف علی زرداری نے خریدے جبکہ کوئی بھی ووٹ ٹکٹ پر نہیں بکا ہے، پنجاب میں بلامقابلہ سینیٹ الیکشن ہوا یہ بہت اچھا ہوا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہاکہ حفیظ شیخ سندھ سے سینیٹ الیکشن لڑنا چاہتے تھے مگر وزیراعظم عمران خان کے کہنے پر اسلام آباد سے لڑے، وہ بطور وزیر خزانہ کام جاری رکھیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پر ہمیں زیادہ نزلہ نہیں گرانا چاہیے تھا، چیئرمین سینیٹ کا الیکشن صادق سنجرانی باآسانی جیت جائیں گے۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ ملک کو چلانے کے لیے آئی ایم ایف کے پاس جانا ضروری تھا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اس وقت 20 بندے نکالیں تو ہم گھر جائیں گے، 26 مارچ کو حزب اختلاف اگر آئین و قانون ہاتھ میں نہ لے تو شوق سے اسلام آباد آئے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈی چوک پر احتجاج کی اجازت دینے یانہ دینے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب کے ساتھ جو ہوا نہیں ہونا چاہیے تھا، ن لیگی خاتون رہنما کے ساتھ بڑی زیادتی ہوئی، اس کی مذمت کرتا ہوں۔
شیخ رشید نے کہا کہ مریم اورنگزیب کے ساتھ جو ہوا اگر درخواست ملی توضرور کارروائی کروں گا۔