سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان الیکشن کمیشن سے کہہ رہے ہیں کہ وہ ایجنسیوں سے بریفنگ لیں، پی ٹی آئی کے سینیٹ نشست ہارنے کی وجوہات ہیں۔
جیونیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ دو روز پہلے وزیراعظم کو شکست ہوئی ہے، اتحادی اراکین کو لگ رہا تھا کسی ماتم میں بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دعویٰ کیا تھا کہ 16 اراکین بکے ہیں، وزیراعظم الیکشن کمیشن سے کہہ رہے ہیں ایجنسیوں سے بریفنگ لیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ایجنسیاں وزیراعظم کے ماتحت ہیں، ان سے پوچھیں، وزیراعظم کی ذمےداری تھی کہ پہلے ایجنسیوں کو بلاکر پوچھتے۔
اُن کا کہنا تھا کہ تمام حکومتی اراکین کو یرغمال بنایا گیا تھا، ان کے فون بند ہوگئے تھے، عمران خان کو کیوں پتا نہ چل سکا کہ ان کی خواتین ارکین کو کون فون کررہا تھا۔
احسن اقبال نے کہا کہ اسلام آباد کی دو میں سے ایک سیٹ پر ان کی خاتون رکن جیت گئی، عمران خان اپنے مفاد کے لیے پورے ملک کو بدنام کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کو پورے سینیٹ الیکشن پر چارج شیٹ کر رہے ہیں، ایک سیٹ جو ہارے ہیں اس کی ٹھوس وجوہات ہیں۔
سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ان کی معاشی پالیسیوں پر اراکین اسمبلی نے عدم اعتماد کیا ہے، معاشی پالیسیوں کی براہ راست ذمےداری وزیراعظم اور وزیرخزانہ کی ہوتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پہلے کہا تھا کہ وزیراعظم نے پورے نظام اور اراکین اسمبلی کو یرغمال بنایا ہے، عمران خان نے اپنے اراکین کو دباؤ میں ڈالا۔
احسن اقبال نے کہا کہ پارلیمنٹ کے سامنے سیاسی غنڈوں کے ذریعے ہمارے رہنماؤں پر حملہ کیا گیا، یہ پہلے بھی پارلیمنٹ پر حملہ کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پریس کانفرنس کر رہے تھے کہ پی ٹی آئی کا جتھہ نمودار ہوا اور حملہ کر دیا، عمران خان نے سیاسی افراتفری کو پروان چڑھایا۔