• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیڈین بلاگر روزی نے پاکستان میں اپنا جیون ساتھی چُن لیا

گزشتہ سال دائرہ اسلام میں داخل ہونے والی کینیڈین موٹر سائیکلسٹ اور بلاگر روزی گیبریل پاکستانی بلاگر عدیل عامر کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر موجود اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر روزی نے اپنے شوہر کے ہمراہ اپنی تصویر شیئر کی۔


روزی نے اپنی پوسٹ کو ایک طویل کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں اب شادی شدہ ہوں! میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں پاکستان آؤں گی اور مجھے اس ملک سے پیار ہوجائے گا، ناصرف اس ملک اور اس کے عوام سے بلکہ خاص طور پر ایک خاص شخص سے بھی۔‘

کینیڈین بلاگر نے لکھا کہ ’میں نے پوری زندگی جس کی تلاش کی وہ مجھے مل گیا ہے، میرا ہمسفر اور میرا سب سے بہترین دوست۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’ پاکستان آنے سے پہلے، میں نے کسی کو ڈھونڈنے کی اپنی ضرورت ختم کردی تھی اور میں نے خدا کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا کہ اگر مجھے اپنی باقی زندگی صرف اسی کے لیے گزارنی ہے اور اپنے آپ سے پیار کرنا ہے تو میری زندگی میں کوئی ایسا شخص بھیجو جو صرف میرا ہو۔‘

روزی نے لکھا کہ ’مجھے ناصرف اپنا ہمسفر ملا بلکہ میں نے اُس میں اپنا بہترین دوست بھی پایا، یہ وہ شخص ہے جس کو میں سب سے زیادہ پسند کرتی ہوں اور بےتحاشہ محبت کرتی ہوں۔‘

بلاگر نے لکھا کہ ’ایسا شخص جس کو میں ہر ایک بات کسی بھی جھجھک کے بغیر بتا سکتی ہوں اور جو مجھے روزانہ بہتر انسان بنا رہا ہے، وہ جو مجھ سے غیر مشروط محبت کرتا ہے، وہ شخص جو میری زندگی کو روشن کرتا ہے اور مجھے ہر دن اپنی محبت اور اعمال سے متاثر کرتا ہے، وہ شخص جو روزانہ میری تعریف کرتا ہے۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’خدا نے میرے شوہر کے روپ میں مجھے زندگی کا سب سے بہترین تحفہ دیا ہے۔‘

واضح رہے کہ طویل وقت پاکستان میں گزارنے والی کینیڈین ٹریول بلاگر روزی گیبرئیل نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ 2019 ان کی زندگی کے مشکل ترین سالوں میں سے ایک تھا لیکن زندگی کے تمام چیلنجز نے انہیں آج اس نقطے پر پہنچا دیا ہے۔

کینیڈین بلاگر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک دہائی سے مسلم ممالک میں سفر کے دوران انہوں نے دیکھا کہ اسلام امن کا مذہب ہے۔

تازہ ترین