کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) مدرسہ دارالعلوم تحسین القرآن مسجد اقصیٰ میں90حفاظ کرام کی دستار بندی کردی گئی،تقریب میں جید علمائےکرام سمیت حفاظ کرام کے اہل خانہ شریک ہوئے ۔اس موقع پر جمعیت علماءاسلام کے صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع ، مولانا فضل، قاری عبدالرشید ودیگر جید علماءکرام شریک ہوئے جنہوں نے طلباءکی دستار بندی کی ،اس موقع پر جید علمائےکرام نے قرآن مجید کی تلاوت اوراحادیث پڑھیں جبکہ حفاظ کرام نے قرآن کریم کی تلاوت اور نعتیہ کلام پیش کئے۔ جمعیت علماءاسلام کے صوبائی امیر رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے قرآن پاک حفظ کرنے والے حفاظ اور انکے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج انہوں نے وہ منزل حاصل کی جس کے وہ منتظر تھے انہوں نے کہا کہ قرآن حفظ کرنے کی سعادت اللہ پاک ہر مسلمان کو نصیب کرے یہ ایک ایسی سعادت ہے جس سے دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی و کامرانی حاصل ہوتی ہے انہوں نے کہاکہ والدین اپنے بچوں کوعصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم بھی دلوائیں۔اس موقع پر قرآن پاک حفظ کرنے والے بچوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والدین اور اساتذہ کی محنت اور دعاؤں کا صلہ انہیں آج قرآن حفظ کرنے کی صورت میں ملا ہے ۔