• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ان کی سیاست دفن ہوگئی اب رو رہے ہیں، حکومتی ردعمل

ان کی سیاست دفن ہوگئی اب رو رہے ہیں، حکومتی ردعمل


اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز‘سینیٹرفیصل جاوید ‘معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اوروزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ صادق سنجرانی کی کامیابی نے پی ڈی ایم کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم ہر جگہ کی طرح پارلیمنٹ سے بھی مسترد ہو چکی ہے‘اب یہ رو رہے ہیں‘آج کے الیکشن سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے‘ آج حق اور سچ کی فتح اور کرپشن کو شکست ہوئی‘پی ڈی ایم کے تمام ہتھکنڈے ناکامی سے دوچار ہوئے،اللہ تعالیٰ نے وزیر اعظم عمران خان کو سرخرو کیا۔

ضمیروں کے سوداگروں کو ہزیمت اٹھانا پڑی‘گیلانی صاحب سے بدلہ لے لیا گیا ہے‘کوئی اور خدمت ہمارے لائق۔تفصیلات کے مطابق سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کے ووٹ کے بعد ایوان بالا کے چیئرمین کے الیکشن میں ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔

صادق سنجرانی کی کامیابی نے پی ڈی ایم کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا ہے‘آج کے الیکشن سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے،تحریک انصاف نے اتحادی جماعتوں کے تعاون سے قانونی، اخلاقی اور جمہوری راستے اختیار کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں کامیابی حاصل کی، پی ڈی ایم ہر جگہ کی طرح پارلیمنٹ سے بھی مسترد ہو چکی ہے۔ 

وہ جمعہ کو پارلیمنٹ کے میڈیا بریفنگ روم میں سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کے لئے وزیراعظم عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنے کے لئے ہمیں پہلے سے زیادہ محنت کرنا ہوگی کیونکہ ملک اس وقت پیچھے جانے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

آج کے سبق سے پی ڈی ایم کی سیاسی تدفین ہو چکی ہے اس پر پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے موقع پر اپوزیشن نے کیمروں کا ڈرامہ رچایا اور خود ہی جائے وقوعہ پر پہنچے۔ 

وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کے موقع پر بھی اپوزیشن نے ایسی ہی حرکتیں کیں جن کا مقصد الیکشن کے عمل پر اثر انداز ہونا تھا۔ اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ آج حق اور سچ کی فتح اور کرپشن کو شکست ہوئی ‘اپوزیشن شکست کو کھلے دل سے تسلیم کرے، آج اپوزیشن کی کوئی حرکت کام نہ آئی کیونکہ پاکستان بدل چکا ہے۔

عنقریب الیکٹرانک ووٹنگ کی طرف جا رہے ہیں۔ آج کی فتح پورے پاکستان کی فتح ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ اپوزیشن نے کرپٹ عمل میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے، ہم ابھی نئے ہیں، ہمیں ان چیزوں کا پتہ نہیں ہے۔ 

ادھر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی کو منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے تمام ہتھکنڈے ناکامی سے دوچار ہوئے۔

اللہ تعالیٰ نے وزیر اعظم عمران خان کو سرخرو کیا۔ضمیروں کے سوداگروں کو ہزیمت اٹھانا پڑی ۔آج جمہوریت فتح یاب جبکہ خرید و فروخت کرنے والوں کو شکست فاش ہوئی ۔

تازہ ترین