اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شوگر انڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب کے بعد محصولات کی وصولی میں بہتری آئے گی، اصلاحات سے چینی کی ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ ہو گا اور قیمتوں میں توازن قائم کرنے میں مدد ملے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ عوام کو سستے داموں چینی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ایف بی آر کی کارکردگی کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچے گا۔
ان خیالات کا اظہار شہباز شریف نے محصولات میں بہتری کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات پر لاہور میں منعقدہ اہم جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں اُنہیں شوگر انڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹکس کی تنصیب اور نگرانی پر بریفنگ دی گئی۔