• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کترینہ کیف کی چھوٹی بہن ایزابیل کیف کو اہم تجاویز

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف نے اپنی چھوٹی بہن ایزابیل کیف کو بالی ووڈ کی وسیع دنیا کو سمجھنے کے لیے چند اہم تجاویز دی ہیں۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ایزابیل کیف نے اپنے بالی ووڈ کریئر کی پہلی فلم ’ ٹائم ٹو ڈانس‘ پر بڑی بہن کترینہ کے خیالات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے میری فلم کا ٹریلر اور اب تک فلم کے جو گانے ریلیز ہوچکے ہیں سب دیکھے اور دیکھنے کے بعد مجھے ایک تفصیلی میسج کیا۔‘

ایزابیل نے کہا کہ ’اس میسج میں کترینہ نے مجھ سے کہا کہ آپ جتنا سوچ رہی ہیں کام اس سے زیادہ مشکل ہونے جارہا ہے، تو اس لیے اپنی توجہ صرف کام پر رکھیں اور کسی بھی اور چیز سے اپنے کام کو متاثر نہ ہونے دیں۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے مزید کہا کہ’ میری بہن نے مجھے یہ بھی کہا کہ آپ کبھی بھی سو فیصد کو پسند نہیں آسکتیں لیکن اس سے آپ کو پریشان نہیں ہونا چاہیے، یہ ٹھیک ہے، ہر کوئی آپ کے کام کو نہیں سمجھتا، تنقید کو کبھی بھی اپنی ذات پر نہیں لیں اور نہ ہی اسے دل پر لیں کہ آپ کو دُکھ ہو۔‘

ایزابیل نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کترینہ نے فلم کا گانا ریلیز ہونے پر جب اس کی ویڈیو دیکھی تو انہوں نے میری تعریف کی اور کہا کہ میں ڈانس کرتے ہوئے اچھی لگ رہی ہوں اور وہ میرے لیے خوش ہیں۔‘

دوسری جانب گزشتہ روز کترینہ نے ایزابیل کی فلم کے ریلیز ہونے پر سماجی ویب سائٹ انسٹاگرام پر خصوصی اسٹوری شیئر کی۔

کترینہ کیف نے اپنی انسٹا اسٹوری میں فلم کے ٹریلر کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا ’ہیپی ریلیز ڈے!‘ اور ساتھ ہی بہن کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

تازہ ترین