سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز سے معذرت کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز نے آصف زرداری کی معذرت پر اُن سے مکالمے میں کہا کہ میرا مقصد آپ سے معذرت کروانا نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے آپ سے آصفہ بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری کی طرح گلہ کیا، اس بات کو یہاں اب ختم کردیں۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے سابق صدر سے کہا کہ میرے والد نے میرے سامنے نیب کی 150 پیشیاں پاکستان میں بھگتی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ مجھے والد کے سامنے گرفتار کیا گیا، میاں صاحب میری والدہ کو بستر مرگ پر چھوڑ کر پاکستان آئے۔
ذرائع کے مطابق جو کیسز کی حقیقت ہے وہ سب کے سامنے ہے، میں اپنی مرضی سے یہاں ہوں۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ آپ نےجو باتیں کیں مجھے دکھ ہوا ہے اور میں نے خود کو آپ کی بیٹی سمجھ کر آپ سے گلہ کرنا اپنا حق سمجھا ہے۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز کی گفتگو کے بعد آصف زرداری نے کہا کہ میرا مقصد بھی آپ کا دل دکھانا نہیں تھا۔