سابق صدر آصف علی زرداری نے اپوزیشن اتحاد میں شامل مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے پاکستان واپسی کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی زیر صدارت سربراہی اجلاس سے آصف علی زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق سابق صدر نے دوران خطاب کہا کہ پہلی بار نہیں کہ جمہوری قوتوں نے دھاندلی کا سامنا کیا۔
انہوں نے کہا کہ زندگی کے 14 برس جیل میں گزارے ہیں، میاں صاحب پلیز پاکستان تشریف لائیں، ہم نے سینیٹ انتخابات لڑے۔
آصف زرداری نے نواز شریف سے مکالمے میں کہا کہ سینیٹر اسحاق ڈار ووٹ ڈالنے نہیں آئے، لڑنا ہے تو ہم سب کو جیل جانا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب 1986 اور 2007 میں شہید بی بی وطن آئیں تو ملک کو موبلائز کیا تھا، لانگ مارچ کی ایسی منصوبہ بندی کرنا ہوگی جیسے 1986 اور 2007 میں کی تھی۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف جدوجہد جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے ہونی چاہیے، میاں صاحب، بتائیں آپ کیسے عوامی مسائل حل کریں گے؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میاں صاحب، آپ نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا، میں نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ کیا۔