• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این اے 249 سے پورے پاکستان کا مقدمہ لڑونگا، مصطفیٰ کمال

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ این اے249 کی ایک نشست سے پورے پاکستان کا مقدمہ لڑوں گا۔ اس حلقے میں مجھ سے بہتر کوئی امیدوار نہیں، اگر ہوتا تو اس کے حق میں دستبردار ہوجاتا اور اسکا کارکن بن کر کام کرتا۔ عوام کی جانب سے ہمیں ذمہ داری دی گئی تو بلدیہ ٹاؤن کے مسائل بہت کم ضرور کریں گے۔ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں آخری بار پانی اور دیگر سہولیات میرے دور نظامت میں ملیں۔ میں نے اسٹیڈیم اور بس ٹرمینل، درجنوں پارکس بنا کر دیئے۔ لیکن افسوس سب کچھ تباہ کردیاگیا۔ میرا کردار سب کے سامنے ہے، کرپشن نہیں کی اور نہ کوئی انڈسٹری لگائی ہے۔ عوام کی خدمت میرا روزگار نہیں ہے۔ کراچی کے مسائل کراچی والا ہی سمجھ سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 249 کے انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر حلقے کی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی، اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے این اے 249 کے دفتر کا باقاعدہ افتتاح کیا جس کے بعد شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

تازہ ترین