مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا حکومتی ارکان پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ عوام پر ایس او پیز پر عمل کرنے کا دباﺅ ڈال رہے ہیں، حکومتی وزراء خود پارٹیاں اور شادیاں انجوائے کر رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے حکومتی ارکان کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے کل پہلے دھمکیاں دیں، پھرجلسہ کیا اور رات کو شادی پر گئیں، خودیہ لوگ شادیاں دیکھ رہے ہیں، عوام پرشادی دیکھنے کی پابندی لگا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں سب سے زیادہ طبی عملہ کوروناوائرس سے متاثر ہوا، پنجاب کی 11 کروڑ آبادی میں صرف چند لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے، عام آدمی کو ایک ویکسین ڈوز نہیں مل سکی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں طبی عملہ ویکسین نہ لگنے پر سراپا احتجاج ہے، چندے پر چلنے والی حکومت چین سے مفت میں ملی ویکسین عوام تک نہیں پہنچا سکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو برس سے عمران حکومت کوروناوائرس، کورونا لاک ڈاﺅن اور اسمارٹ لاک ڈاﺅن کھیل رہی ہے، حکمرانوں کوکوروناوائرس کے نام پر اربوں ڈالرکی امداد ملی ہے۔