• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں مکمل لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں مکمل لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے، مکمل لاک ڈاؤن سے دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہوگا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا وائرس  کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک میں کورونا اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

عمران خان نے  ایس او پیز پر ہر صورت عملدر آمد  کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایس او پیز میں غفلت نہ برتی جائے۔

عمران خان نے کہا کہ  سندھ حکومت نے دو ہفتوں کے لاک ڈاؤن کی تجویز دی، ہم مکمل لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی برقرار رہے گی، ہماری اسمارٹ لاک ڈاؤن  کی پالیسی پہلے بھی کامیاب رہی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ توازن کی پالیسی اختیار کرنی ہے تاکہ غریب آدمی اور ملکی معیشت کم سے کم متاثر ہو۔

عمران خان نے کہا کہ کورونا کی گذشتہ لہر میں پاکستان میں دو کروڑ افراد کا روزگار متاثر ہوا، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی وجہ سے غریب طبقات کو موثر ریلیف فراہم کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزرائے اعلیٰ اور حکام نے وزیراعظم کو اپنے متعلقہ صوبوں کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد کے حوالے سے عوام کو متحرک کیا جائے، کورونا ایس او پیز کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے موثر کردار کو بھی یقینی بنایا جائے۔

تازہ ترین