نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اسلامی سربراہی اجلاس کیلئے گیمبیا کے شہر بنجول پہنچ گئے۔
اس موقع پر گیمبیا کے وزیر پیٹرولیم و توانائی نینی جوارا نے ایئر پورٹ پر وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار 15ویں او آئی سی سربراہی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق او آئی سی کا سربراہی اجلاس 4 اور 5 مئی کو بنجول، گیمبیا میں منعقد ہو گا، اسحاق ڈار کل اور پرسوں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار وزرائے خارجہ اجلاس کے ایجنڈے اور نتائج کی دستاویزات پر تبادلۂ خیال اور حتمی شکل دیں گے، او آئی سی سربراہی اجلاس نازک وقت پر بلایا جا رہا ہے جب غزہ کے عوام پر جنگ مسلط ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کانفرنس میں پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کریں گے، او آئی سی اجلاس میں غزہ کی سنگین صورتِ حال پر غور اور مسئلہ فلسطین پر ایک مضبوط، اجتماعی اور متفقہ مؤقف پیش کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ سربراہی اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم غزہ میں جاری نسل کشی پر اپنا مؤقف بیان کریں گے، وہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خود ارادیت، امت کی یک جہتی اور اتحاد کی ضرورت پر زور بھی دیں گے۔
ترجمان کے مطابق وزیرِ خارجہ بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا اور مسائل پر پاکستان کے نقطۂ نظر پر بھی بات کریں گے۔
وزیرِ خارجہ موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی اور دیگر عالمی چیلنجز کا اجتماعی حل تلاش کرنےکی ضرورت پر زور دیں گے۔
علاوہ ازیں نائب وزیرِ اعظم سربراہی اجلاس میں شریک رہنماؤں اور وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔