تہران (جنگ نیوز )ایران نے پابندیوں کے مرحلہ وار خاتمے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے امریکا سے ہر قسم کی پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ تہران پابندیوں میں بتدریج نرمی کا مخالف ہے۔انہوں نے پریس ٹی وی کو بتایا کہ مرحلہ وار کسی منصوبے پر غور نہیں کیا جا رہا ہے، امریکی پابندیوں کا خاتمہ ایران کی حتمی پالیسی ہے۔اس معاہدے کے رابطہ کار اور یورپی یونین کے سینئر عہدیدار نے کہا کہ آسٹرین دارالحکومت میں ہونے والی بات چیت کا مقصد دو ماہ کے اندر اندر ایک معاہدے تک پہنچنا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک نے جمعہ کے روز کہا کہ وہ تہران اور عالمی طاقتوں کے مابین 2015کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے وسیع تر مذاکرات کے سلسلے میں اگلے ہفتے سے ویانا میں بالواسطہ بات چیت کریں گے۔