حکمران اتحاد میں شامل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ نے کہا ہے کہ کراچی کو صوبہ بنائے بغیر اب کوئی گزارہ نہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں کشور زہرہ کا کہنا تھا کہ کراچی کا کوئی وارث نہیں، ہم حکومت کے اتحادی ہیں لیکن لاوارث نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو صوبہ بنائے بغیر اب کوئی گزارا نہیں، وزیراعظم عمران خان سے کئی بار کراچی کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔
ایم کیو ایم کی ایم این اے نے مزید کہا کہ وزیراعظم کراچی کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں لیکن رابطوں کا فقدان ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں کراچی کے مسائل کی آواز اٹھاتے ہیں تو اپوزیشن واک آؤٹ کر جاتی ہے۔
کشور زہرہ نے یہ بھی کہا کہ حزب اختلاف ہر بار کورم کی نشاندہی کر کے ایوان سے چلی جاتی ہیں، اپوزیشن کا کراچی کے معاملے پر رویہ غیر مناسب ہے۔